
(بابر شہزاد تُرک)سرکاری افسران کی گریڈ 20 میں ترقی کیلئے لازم سینئر مینجمنٹ کورس کے ضمن میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ 19 یا مساوی افسران کیلئے 40ویں سینئر مینجمنٹ کورس کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے، چار ماہ سے زائد دورانیے پر مشتمل یہ لازمی تربیتی کورس 20 جولائی سے 6 نومبر 2026 تک نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور میں منعقد ہو گا.
کورس کی نامزدگیوں کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ریکٹر نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کو ارسال کردہ مراسلے کے مطابق مختلف وفاقی و صوبائی سروسز، وزارتوں اور محکموں کے مجموعی طور پر 169 افسران کو کورس کیلئے نامزد کیا گیا ہے، نامزد کردہ افسران میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 30، پولیس سروس آف پاکستان کے 26 اور سیکریٹریٹ گروپ، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، فارن سروس، انفارمیشن گروپ، کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ، پوسٹل گروپ، ریلوے، نیشنل اکاؤنٹیبلٹی بیورو، الیکشن کمیشن، وزارت دفاع، کراچی پورٹ ٹرسٹ، ای او بی آئی، ایئرپورٹس سکیورٹی فورس، پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر حکومتوں سمیت مختلف اداروں کے افسران شامل ہیں.
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے نامزد افسران میں منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن مبین الٰہی، ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کیپٹن (ر) فرخ عتیق، ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ راشد، ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) طاہر فاروق، سی ای او پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کیپٹن (ر) بلال ہاشم، اسپیشل سیکریٹری وزیراعلیٰ پنجاب عبداللہ نیئر شیخ، ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محمد عمر شیر، کمشنر، رخشان بلوچستان محبوب احمد، کلکٹر و ڈپٹی کمشنر ملیر سمیع اللہ ناصر علی شیخ، ڈائریکٹر جنرل حیدرآباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی افشاں رباب، ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) بشیر احمد اور ڈپٹی کمشنر، دکی، بلوچستان محمد نعیم خان سمیت دیگر افسران شامل ہیں.
پولیس سروس آف پاکستان کے نامزد افسران میں وزیراعلیٰ سندھ کے پی ایس او، ایس ایس پی سرفراز نواز اور سید خالد محمود ہمدانی شامل ہیں، مزید برآں، ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف، ایس ایس پی سی ٹی ڈی لاہور کیپٹن (ر) وحید محمود، اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی لاہور اسد اعجاز ملہی، ایس ایس پی شہید بینظیر آباد شبیر احمد سیٹھار، ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار، ایس ایس پی ویسٹ کراچی طارق الٰہی مستوئی، ایس پی ٹریفک ایسٹ کراچی امجد حیات، ڈی پی او مظفرگڑھ محمد رضوان احمد خان، ایس ایس پی ٹریفک لاہور سید ندیم عباس، ایس ایس پی سانگھڑ عابد علی بلوچ، اے آئی جی ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ارم عباسی اور دیگر افسران شامل ہیں.
پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے شیخ افضل رضا اور پولیس سروس آف پاکستان کے ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی نامزدگی اس کورس کیلئے مؤخر کر دی گئی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام نامزد افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 17 جولائی تک متعلقہ نیپا میں رپورٹ کریں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ سول سرونٹس پروموشن رولز 2019 کے تحت لازمی تربیت سے انکار یا بار بار مؤخر کرانے کی صورت میں متعلقہ افسر کی ترقی متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ تین مرتبہ لازمی تربیت میں شرکت نہ کرنے والے افسر کو سپر سیشن کیلئے بھی زیر غور لایا جا سکتا ہے.
مراسلے کے مطابق فی افسر کورس فیس 3 لاکھ 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جس میں رہائش، طعام اور لازمی اندرون و بیرون ملک مطالعاتی دورے کے اخراجات شامل ہیں، وفاقی افسران کی فیس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن جبکہ صوبائی حکومتیں اور خودمختار ادارے اپنے اپنے افسران کی فیس ادا کریں گے، وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور محکموں کو نامزد افسران کو بروقت ریلیو کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے.
یہ بھی پڑھیں :امریکی قونصلیٹ جنرل کے وفد کا ای پی اے لاہور کا دورہ