
( اویس کیانی ) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ ، کاؤنٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوین ے جناح ایئرپورٹ پر مختلف کاؤنٹرز کا دورہ کرکے امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا اور بیرون ملک جانے والے مسافروں سے بھی ملاقات کی، محسن نقوی نے مسافروں سے امیگریشن کے عمل اور انہیں درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔
اس دوران امیگریشن سسٹم ڈاؤن ہونے کا معاملہ سامنے آیا، جس پر وفاقی وزیر داخلہ نے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سسٹم کی خرابی فوری دور کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ سسٹم ڈاؤن ہونے کی صورت میں متبادل انتظام موجود ہونا چاہیے تاکہ مسافروں کا امیگریشن پراسیس متاثر نہ ہو۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ امیگریشن پراسیس کسی صورت رکنا نہیں چاہیے اور مسافروں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
یہ بھی پڑھیں:تیل کی عالمی قیمتوں میں بڑی کمی!
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو امیگریشن کے عمل میں مؤثر نگرانی یقینی بنانے اور جعلی یا غیرمکمل دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوششوں کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کی ہدایت کی۔






