9

کیا آپ بھی بھارتی خوراک استعمال کر رہے ہیں؟ بڑا الرٹ جاری!

(ویب ڈیسک )بھارت میں خوراک کی مصنوعات پر جعلی غذائی معلومات اور میعاد ختم ہونے کی تاریخیں تبدیل کرکے انہیں برآمد کے لیے تیار کرنے والے ایک مبینہ غیر قانونی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے بعد کینیڈا نے بھارت سے درآمد ہونے والی اشیا کو ممکنہ خطرے کے تناظر میں مانیٹر کرنا شروع کردیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق کینیڈین فوڈ انسپیکشن ایجنسی (CFIA) نے کہا ہے کہ وہ بھارت میں ہونے والی کارروائی کی رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا اس معاملے سے کینیڈا میں درآمد ہونے والی غذائی مصنوعات کو کوئی خطرہ لاحق ہے یا نہیں۔

تاہم کینیڈین حکام کے مطابق ابھی تک ایسی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ مذکورہ کارروائی سے منسلک مصنوعات کینیڈا میں داخل ہوئی ہیں۔

بھارتی حکام نے گزشتہ ہفتے ممبئی کے قریب ایک گودام پر چھاپہ مار کر تقریباً 80 ہزار ڈالر مالیت کی مصنوعات، کیمیکلز اور پرنٹنگ مشینیں برآمد کیں۔ حکام کے مطابق ان آلات کو پرانی میعاد کی تاریخوں اور غذائی معلومات کو تبدیل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

کارروائی کے دوران PepsiCo، Nestlé، Coca-Cola اور Unilever سمیت عالمی کمپنیوں کی مصنوعات بھی قبضے میں لی گئیں۔ تاہم ان کمپنیوں پر کسی غلط کام کا الزام نہیں لگایا گیا اور تحقیقات کا مرکز مبینہ طور پر غیر مجاز برآمد کنندگان ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں:اپنا گھر بنانے والوں کیلئے اہم خبر!
رائٹرز کے مطابق گودام سے ملنے والے PepsiCo کے بھارتی برانڈ Kurkure کے ایک پیکٹ پر غذائی معلومات کا ایسا جعلی لیبل لگا ہوا تھا جو انگریزی اور فرانسیسی دونوں زبانوں میں تھا۔

کینیڈا میں خوراک کی مصنوعات پر بعض معلومات دونوں سرکاری زبانوں، انگریزی اور فرانسیسی، میں درج کرنا ضروری ہے۔

بھارتی حکام کے مطابق گودام میں دوبارہ لیبل کی جانے والی مصنوعات یا تو میعاد ختم ہوچکی تھیں یا ان کی میعاد ختم ہونے کے قریب تھی۔ حکام نے بتایا کہ گودام کے مالکان 19 غیر معروف برآمد کنندگان کے لیے یہ سرگرمیاں انجام دے رہے تھے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تمام مصنوعات کن ممالک کے لیے بھیجی جانی تھیں۔

PepsiCo نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ رپورٹس میں جن برآمدی کمپنیوں کا ذکر کیا گیا ہے، ان کے ساتھ اس کا کوئی تجارتی تعلق نہیں اور کمپنی اپنی مصنوعات کی کسی غیر مجاز برآمد کی حمایت نہیں کرتی۔

دوسری جانب کینیڈین فوڈ انسپیکشن ایجنسی نے کہا ہے کہ وہ غلط تاریخوں، غیر درست غذائی معلومات اور گمراہ کن ملکی شناخت سمیت ہر قسم کے فوڈ فراڈ کو سنجیدگی سے لیتی ہے۔

ادارے کے مطابق اگر کسی ایسی خوراک کی نشاندہی ہوتی ہے جو کینیڈا کے قوانین پر پوری نہیں اترتی تو صارفین کے تحفظ کے لیے مصنوعات واپس لینے، لائسنس معطل کرنے اور مالی جرمانوں سمیت مناسب کارروائی کی جاسکتی ہے۔

بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ معاملے میں ملوث برآمد کنندگان کی تفصیلات کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ یہ واقعہ بھارت میں خوراک کے معیار اور فوڈ سیفٹی کی خلاف ورزیوں کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے دوران سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں