
(24نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر فیفا نے امریکی فٹبالر بیلوگن کے ریڈ کارڈ سے متعلق غیر معمولی فیصلہ کرتے ہوئے اس پر عائد پابندی معطل کر دی۔
فیفا کے فیصلے کے بعد 25 سالہ بیلوگن 7 جولائی کو بیلجیم کے خلاف ہونے والے میچ کے لیے دستیاب ہوں گے،صدر ٹرمپ نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے فیفا کا شکریہ ادا کیا۔
رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو سے ریڈ کارڈ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی، فٹبال قوانین کے تحت ریڈ کارڈ دکھائے جانے والے کھلاڑی پر اگلے میچ کے لیے خودکار پابندی عائد ہوتی ہے۔
بیلوگن کو بوسنیا کے خلاف راؤنڈ آف 32 کے میچ میں فاؤل کرنے پر ریفری نے براہِ راست ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا تھا، یہ مقابلہ امریکا نے 0-2 سے اپنے نام کیا تھا۔
ادھر فیفا کے اس فیصلے پر بیلجیم نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قانونی آپشنز پر غور شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان قریبی تعلقات کا بھی تذکرہ کیا جا رہا ہے، تاہم فیفا کی جانب سے اس فیصلے کی باضابطہ قانونی یا انتظامی بنیاد کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔






