
(24 نیوز)پاکستان اور قطر کی ایران امریکا 2 ہفتوں کی جنگ بندی کی نئی تجویز،ایران نے ثالثوں کی تجاویز ملنے کی تصدیق کردی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور قطر نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری شدید جنگ اور کشیدگی میں کمی کے لیے ایک اہم مشترکہ امن فارمولا پیش کیا ہے، جس میں امریکہ اور ایران سے دو ہفتے کی فوری جنگ بندی اور 9 جولائی سے پہلے کی پوزیشن پر واپس جانے کی اپیل کی گئی ہے، اس فارمولے کا بنیادی مقصد تعطل کا شکار سفارتی مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنا اور مہینوں سے جاری جنگ کو مستقل طور پر ختم کرنا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس بریفنگ کے دوران تصدیق کی ہے کہ تہران کو ثالثوں کے ذریعے تجاویز موصول ہو چکی ہیں اور ان کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے،ان کا کہنا تھا کہ ایران کشیدگی کو روکنے کی ہر سفارتی کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے، تاہم ابھی تفصیلات عام نہیں کی جا سکتیں۔
یہ بھی پڑھیں:تیل کی قیمتوں کو چین نے کیسے کنٹرول کیا؟حیران کن قدم نے سب کچھ بدل دیا
امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے بھی ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ سفارتی حل کےلیے آمادہ ہیں ، ایران سےبات چیت کےلیے اشارے ملےہیں،براہ راست اور بالواسطہ بات چیت ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ 17 جون کو پاکستان کی ثالثی میں ہونے والے معاہدے کے باوجود گزشتہ ہفتے 9 جولائی کو آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی اور تیل پر پابندیاں دوبارہ عائد کر کے سابقہ معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا تھا، جس کے بعد کشیدگی میں شدید اضافہ ہوا۔
پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کی طرف سے مثبت ردِعمل کی امید ہے اور اگر پیش رفت ہوئی تو جنوبی لبنان اور غزہ میں بھی جنگ بندی پر بات چیت آگے بڑھائی جائے گی۔






