
(24نیوز) وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے علاقائی دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لیا،انہوں نے شکایات کے بروقت ازالے پر زوردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسبِ پاکستان نوید کامران بلوچ نے پیر کے روز وفاقی محتسب سیکریٹریٹ، علاقائی دفتر کراچی میں تمام تفتیشی افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔
وفاقی محتسب کو مختلف اداروں کی کارکردگی اور شکایات کے ازالے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، شکایات کی شرح کے لحاظ سے ایس ایس جی سی (50 فیصد)، کے الیکٹرک (41 فیصد) اور نادرا (9 فیصد) سرفہرست رہے،سال 2023 سے موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کے حوالے سے بتایا گیا کہ سال 2026 کے پہلے چھ ماہ کے دوران 25 ہزار 591 شکایات نمٹائی گئیں جبکہ سال 2025 میں مجموعی طور پر 37 ہزار 802 شکایات کا ازالہ کیا گیا تھا۔
جناب نوید کامران بلوچ کو پریزنٹیشن کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ سال 2026 میں جنوری سے اب تک غیر رسمی تنازعات کے حل (IRD) کے نظام کے تحت 627 تنازعات حل کیے گئے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں زیادہ ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ رواں سال تفتیشی نتائج پر عملدرآمد کی شرح 82 فیصد رہی جس کے تحت موصول ہونے والے 6 ہزار 24 کیسز میں سے 4 ہزار 148 پر عملدرآمد کیا جا چکا ہے جبکہ ایک ہزار 876 کیسز پر عملدرآمد ابھی باقی ہے۔
وفاقی محتسب نے علاقائی دفاتر میں تعینات تفتیشی افسران کی تعداد اور ہر ماہ موصول ہونے والے کیسز کے بارے میں بھی دریافت کیا، کمیٹی نے آگاہ کیا کہ علاقائی دفاتر میں تفتیشی افسران کی تعداد کافی ہے اور وہاں ہر ماہ چار ہزار سے زائد کیسز موصول ہوتے ہیں۔
وفاقی محتسب نے شکایات کے اندراج اور ان کے بروقت ازالے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اضافی علاقائی اور مقامی دفاتر کے قیام کو سراہا، انہوں نے علاقائی دفتر میں خالی آسامیوں پر بھرتی کے لیے منعقد کیے گئے ٹیسٹوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا جن میں نوجوان امیدواروں نے بھرپور شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ بھرتی کا عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا گیا، نوید کامران بلوچ نے گزشتہ اجلاس کے بعد علاقائی دفتر کے ملازمین کی ترقی سے متعلق پیش رفت اور نئے دفاتر کے قیام کے لیے صوبائی حکومت سے اراضی کے حصول کے جاری عمل پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملازمین کی ترقی اور مستحق اہلکاروں کے لیے مراعات سے متعلق طریقہ کار کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کیلئے بڑا اعلان






