
(جنید ریاض،شکیل سلطان،ارشاد قریشی) پنجاب کے تعلیمی بورڈزنے میٹرک سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا۔
لاہور بورڈکے تحت رواں سال ہونےوالے امتحان میں 2 لاکھ بیاسی ہزار 308 امیدوارواں نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ بیاسی ہزارایک سو چھیاسی امیدوار پاس ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے تعلیمی بورڈز نے میٹرک 2026 کے پوزیشن ہولڈرز کا اعلان کر دیا
امتحان میں کامیابی کا تناسب چونسٹھ اعشاریہ پانچ،تین فیصد رہا،امتحان میں ایک لاکھ امیدوار فیل ہوگئے۔
لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے اعلان کرنے کی تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ،اس موقع پر انہوں نے کامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کامیابی دن رات کی محنت کا ثمر ہے، میٹرک امتحانات کے نتائج کو آن لائن کر دیا گیا ہے، اس بار طلبہ اپنا نتیجہ دیکھنے کے لیے کیو آر کوڈ کا استعمال کریں گے، تمام سسٹم آن لائن کر دیئے گئے ہیں، اب طلبہ کو کسی بھی انکوائری کے لیے بورڈ آفس کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، سپلیمنٹری امتحانات میں 100 فیصد سکرین مارکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندرنے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے مزید کہاکہ امتحانی سنٹرز میں نقل کا خاتمہ کیاگیا،پہلے سنٹرز کے سنٹرز بک جاتے تھے،آٹھویں کے امتحانات میں 100 فیصد سکرین مارکنگ کروائی،ڈھائی سالوں میں تعلیمی نظام میں بہتری لائے، پنجاب کی بیٹی نےمیٹرک میں ٹاپ کیاہے،میں طلبا،والدین اوراساتذہ کومبارکباددیتاہوں،نواز شریف سینٹر آف ایکسیلینس میں میرٹ پر داخلے کئے،نقل کی روک تھام کی وجہ سے رزلٹ 65 فیصد رہا،رواں سال لڑکیوں کا رزلٹ لڑکوں سےبہتر رہا۔
رانا سکندر حیات نے اس موقع پرپہلی تین پوزیشنز کیلئے 1،1 لاکھ اور لیب ٹاپ انعام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کروں گاکہ اِن طلبا کو 5،5 لاکھ انعام دیں۔
ملتان بورڈکے تحت ہونےوالے میٹرک سالانہ امتحان 2026 میں مجموعی کامیابی کی شرح 72.65 فیصد رہی، 1 لاکھ 33 ہزار 19 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے جن میں سے 96 ہزار 638 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے۔
فیصل آباد تعلیمی بورڈکے تحت ہونےو الے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 92 ہزار 925 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 44 ہزار 89 امیدوار کامیاب ہوئے،کامیابی کی شرح 74.69 فیصد رہی، میٹرک امتحانات سائنس گروپ میں ایک لاکھ 56 ہزار 633 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے ایک لاکھ 22 ہزار 947 امیدوار کامیاب ہوئے ،فیصل آباد میٹرک امتحانات سائنس گروپ میں کامیابی کی شرح 78.49 فیصد رہی۔
فیصل آباد بورڈ کے زیر اہتمام ہونےوالے میٹرک امتحانات میں ضلع جھنگ سے مجموعی طور پر28 ہزار 514 طلبہ نے امتحان دیاتھاجن میں سے 24 ہزار 987 طلبہ پاس قرار پائے جبکہ 3 ہزار 527 طلبہ فیل ہو گئے،اس طرح ضلع جھنگ میں مجموعی رزلٹ کا تناسب 87.63 فیصد رہا۔
فیصل آباد بورڈ کے زیر اہتمام ہونےوالے میٹرک امتحانات میں ضلع ٹوبہ ٹیک سندھ سے 24684 طلبہ و طالبات امتحان میں شامل ہوئے جن میں سے مجموعی طور پر 20288 طلبہ و طالبات کامیاب قرار پائے، 4 ہزار 396 طلبہ وطالبات فیل ہوگئے اس طرح مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 82 فیصد رہا۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے تحت ہونےوالے میٹرک کے پہلے سالانہ امتحان 2026 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار 411 طلبہ و طالبات نے شرکت کی جبکہ کامیابی کا تناسب 61.31 فیصد رہا،رکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود کے ہمراہ بٹن دبا کر رزلٹ آن لائن کیا،طلباء اپنا رول نمبر کے ذریعے بورڈ کی ویب سائٹ سے رزلٹ ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، راولپنڈی کے تحت ہونےوالے میٹرک امتحان میں کامیابی کا تناسب مجموعی طور پر 61.31 فیصد رہا،مجموعی طور پر محمد منان احتشام نے1191 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جن کا تعلق العامر فاؤنڈیشن سیکنڈری سکول فار بوائز دولتالہ گوجر خان سے ہے،زونیرہ طاہر نے 1180 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی، ان کا تعلق پریزنٹیشن کانونٹ ہائی سکول فار گرلز پنڈی پوائنٹ مری سے ہے،محمد فصیح عبداللہ نے 1178 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی انکا تعلق کیمرج انٹرنیشنل بوائز سیکنڈری سکول تلہ گنگ سے ہے،راولپنڈی بورڈکے تحت سالانہ امتحان میں 1لاکھ 20 ہزار 4سو 11 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بہاولپور کے تحت ہونےوالے میٹرک کے سالانہ امتحان میں 96245 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے 63012 امیدوار کامیاب قرار،بہاولپوربورڈ میں کامیابی کا تناسب 65.47 فیصد رہا۔ گورنمنٹ عباسیہ ہائر سیکنڈری اسکول بہاولپور کے عبدالحسیب ولد محمد جاوید نے 1186 نمبر حاصل کر کے پہلی پوزیشن اپنے نام کر لی، گورنمنٹ عباسیہ ہائر سیکنڈری اسکول ہی کے مزمل بلال ولد محمد بلال 1184 نمبروں کے ساتھ بورڈ میں دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ام القراء پبلک گرلز ہائی اسکول کی جویریہ فاطمہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی،گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ماڈل ٹاؤن بہاول پورکی ایمان فاطمہ ملک نے بھی 1183 نمبر لے کر مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈ کے تحت ہونےوالے میٹرک سالانہ امتحان میں 96 ہزار 482 امیدواروں میں سے 75 ہزار 124 کامیاب قرارپائے،اس طرح مجموعی کامیابی کا تناسب 77.86 فیصد رہا،سائنس گروپ کا نتیجہ 85.01 فیصد جبکہ جنرل گروپ کا نتیجہ 71.16 فیصد رہا، کامیاب امیدواروں میں 77.52 فیصد طلبا اور 84.05 فیصد طالبات شامل ہیں، لیہ کے عبداللہ سلیم 1191 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن کے حقدار قرار پائے، تونسہ شریف کے مائیر مجتبیٰ 1190 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر رہے، فروا احمد، میراب زہرا اور سید محمد جون عباس نے 1189 نمبر لے کر مشترکہ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے میٹرک سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کیا۔






