
(احمد منصور) پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان ترجمان کے پاکستان مخالف بیان کو گمراہ کن اور من گھڑت قرار دے دیا۔
پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات فیکٹ چیک کےمطابق افغان میڈیا آماج نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے طالبان رجیم کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جھوٹا اور بے بنیاد دعویٰ کیا،افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پروپیگنڈا کیا کہ بدخشان میں مسلح تصادم میں پاک فوج بھی موجود تھی۔
وزارت اطلاعات و نشریات ے مطابق بدخشاں میں جاری تشدد افغانستان کے اپنے اندرونی سیکیورٹی اور انتظامی چیلنجز کا عکاس ہے،دستیاب آزادانہ رپورٹس ثابت کرتی ہیں کہ یہ جھڑپیں افغان طالبان کی غیر نمائندہ اور جابرانہ رجیم کیخلاف ایک اندرونی مسلح جدوجہد ہیں،پاکستان نے مسلسل پرامن اور مستحکم افغانستان کی حمایت کی ہے اور اپنے پڑوسی ملک کو غیر مستحکم کرنے میں اس کی کوئی دلچسپی نہیں۔
وزارت اطلاعات نے مزید کہا ہے کہ طالبان رجیم پاکستان پر الزام تراشی کرنے کے بجائے اپنی ناکام حکمرانی سے پیدا ہونے والے بڑھتے ہوئے مسائل پر توجہ دے۔
ماہرین کے مطابق افغان طالبان رجیم افغانستان پر کم ہوتے اثرورسوخ اور بڑھتی مزاحمت پرپردہ ڈالنے کیلئے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کا سہارا لے رہی ہے،افغانستان میں بڑھتے مسلح تصادم کو بیرونی رنگ دینے کیلئے افغان طالبان بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگا رہےہیں۔






