1

وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد بیرسٹر افتخار گیلانی نے اہم بیان داغ دیا

(ویب ڈیسک) نومنتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر محض زمین کے ٹکڑے کا مسئلہ نہیں، جب تک بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرتا، مسئلہ کشمیر ختم نہیں ہوگا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور 5 اگست 2019 کے بھارتی جبری اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں، قائداعظم کا یہ قول سنتے سنتے یہاں تک پہنچے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ پاکستان کشمیر کے بغیر اور کشمیر پاکستان کے بغیر ادھورا ہے۔

نومنتخب وزیراعظم کا افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سرحدوں پر چوکس کھڑے جوانوں کی وجہ سے ہم چین سے سوتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ بھارت کے دانت کھٹے ہوئے، فیلڈ مارشل کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آج ہر کشمیری کا سینہ چوڑا ہے، کشمیریوں کے لیے مضبوط پاکستان ہی ہماری آزادی کی ضمانت ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر اس وقت مشکل وقت سے گزر رہا ہے، دو اضلاع میں انتخابات نہیں ہوئے، بہت جلد سدھنوتی اور پونچھ میں الیکشن ہوں گے، جبکہ یہ ایوان 7 نشستوں کے بغیر ادھورا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مہنگائی، روزگار اور نوجوانوں کے مستقبل کا سوال ہے، حکومت کو ان مسائل کا حل نکالنا ہوگا، صرف تقریروں سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ پنجاب میں تعمیر و ترقی کے ماڈل کو دنیا میں سراہا جاتا ہے، خواہش ہے کہ اسی طرح کا ماڈل آزاد کشمیر میں بھی بنائیں۔

افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت میں تقرریوں کا نظام شفاف ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ ن نے 2016 سے 2021 تک جو میرٹ قائم کیا تھا، اسے آگے بڑھایا جائے گا۔ زراعت، لائیو اسٹاک اور سیاحت آزاد کشمیر کے اہم شعبے ہیں، انہیں مزید ترقی دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے تحت روزگار کے مواقع بڑھائیں گے، آنے والے چند سالوں میں ملازمتوں کی نوعیت تبدیل ہو رہی ہے، ہمیں نئی ٹیکنالوجی اور جدید طریقے اپنانے ہوں گے تاکہ روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکے۔

نومنتخب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تعلیم کے شعبے میں مزید اصلاحات لائی جائیں گی تاکہ عوام کا اعتماد بڑھے، جبکہ صحت کا نظام بہتر بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ لوگوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ چند دنوں میں کابینہ تشکیل دی جائے گی۔

افتخار گیلانی نے بیوروکریسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نظام کی خامیوں کی نشاندہی کرنا ہوگی۔ ایوان سے وعدہ کرتا ہوں کہ نہ خود آرام سے بیٹھوں گا اور نہ اپنی ٹیم کو بیٹھنے دوں گا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ خامیوں کی نشاندہی کرکے پٹواری کلچر اور تھانے کے کلچر کو جدید بنائیں گے تاکہ کسی شہری کو کسی کی سفارش کی ضرورت نہ پڑے۔ 
 یہ بھی پڑھیں:مکہ مکرمہ میں حیرت انگیز منظر، آسمانی بجلی کلاک ٹاور سے ٹکرا گئی,ویڈیو وائرل

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں