
(ویب دیسک )سٹیٹ بینک نے 10 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ بند کرنے کی تجویز پیش کی ہے جس کی بڑی وجہ سامنے آ گئی ہے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں گزشتہ دنوں 10 روپے کا کرنسی نوٹ بند کر کے اس کی جگہ اتنی ہی مالیت کا سکہ لانے کی اسٹیٹ بینک کی تجویز پر غور کیا گیا تاہم سٹیٹ بینک نے اس کی ضرورت کیوں محسوس کی، اس کی اہم وجہ سامنے آ گئی ہے۔
قائمہ کمیٹی میں اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر عنایت حسین نے بتایا کہ اس وقت 10 روپے مالیت کا ایک نوٹ بنانا اس کی اصل قیمت سے مہنگا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اسٹیٹ بینک نے مستقبل کے کرنسی نوٹوں میں 10 روپے کا نوٹ نہ چھاپنے کی سفارش کرتے ہوئے اس کی جگہ 10 روپے مالیت کا سکہ متعارف کرانے کی سفارش کی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر تجویز منظور ہو جاتی ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ مارکیٹ میں موجود 10 روپے مالیت کے پرانے نوٹ ختم ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے پہلے بھی 10 روپے مالیت کا سکہ متعارف کرایا تھا، تاہم عوامی سطح پر اس کو قبولیت نہیں ملی۔






