
(24 نیوز)امر یکی دارالحکومت واشنگٹن میں شدید طوفان نے تباہی مچا دی، تیز ہواؤں، موسلا دھار بارش اور آسمانی بجلی کے باعث کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے، سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ ہزاروں افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔
جمعرات کی شب آنے والے شدید طوفان کے باعث واشنگٹن ڈی سی اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور شدید بارش نے نظام زندگی کو متاثر کیا۔
کئی علاقوں میں درخت گرنے سے سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ گھروں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
امریکی دارالحکومت میں ہواؤں کی رفتار 70 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ رونالڈ ریگن واشنگٹن نیشنل ایئرپورٹ پر 64 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی اطلاع ملی۔
مزید پڑھیں:مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ،مزید بادل برسنے کی پیشگوئی
طوفان کے دوران 5th اور F Streets NE کے قریب ایک بڑا درخت گر کر گاڑی پر جاگرا، جس کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ سڑک اور فٹ پاتھ بھی بند ہوگئے۔
ڈی سی کونسل کے رکن چارلس ایلن کے مطابق واقعے میں علاقے کے رہائشی محفوظ رہے۔
انہوں نے ایک اور درخت کی نشاندہی بھی کی جو ایک گھر کے ساتھ خطرناک انداز میں جھک گیا تھا۔
طوفان کے بعد متاثرہ علاقوں میں سڑکوں سے گرے ہوئے درخت اور ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے، جبکہ بجلی کی بحالی کے لیے بھی متعلقہ ادارے سرگرم ہیں۔






