صوبائی وزیر اور چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ملاوٹی دودھ اور دہی کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کردیا گیا، جس کے پہلے روز کوئٹہ اور لورالائی میں دودھ فروشوں، دکانوں، دودھ بردار گاڑیوں اور مشتبہ مقامات کی بڑے پیمانے پر چیکنگ کی گئی۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران 2 یونٹس سیل جبکہ 18 مراکز اور ملک سپلائرز کو جرمانے کیے گئے۔
ترجمان کے مطابق مہم کے دوران مجموعی طور پر 59 دودھ بردار گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سمیت 7 دودھ کی دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جبکہ 19 ہزار 221 لیٹر دودھ اور بڑی مقدار میں دہی کے معیار کی جانچ کی گئی۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ملاوٹ اور ناقص معیار کی نشاندہی پر تقریباً 2 ہزار لیٹر دودھ اور بڑی مقدار میں دہی تلف کردیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موبائل لیب کے ذریعے دودھ میں پانی اور اسکمڈ ملک کی ملاوٹ کی موقع پر ہی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے دودھ کے ڈبے بھی ضبط کیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، ناقص اسٹوریج، آلودہ برتنوں کے استعمال اور بغیر لائسنس کاروبار کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ شہریوں کو خالص اور صحت بخش دودھ کی فراہمی یقینی بنانے تک ملاوٹی دودھ اور دہی کے خلاف خصوصی مہم جاری رہے گی۔
3






