
(24 نیوز)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کے پہلے راؤنڈ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہو گیا،ایم آئی ٹی سلیوشنز اور اوجی ڈی سی ایل کی ٹیمیں فالو آن کا شکار ہو گئیں۔
تیسرے دن سٹیٹ بینک کے حسن رضا کی سنچری، غنی کے بلے باز حسیب اللہ 99 رنز پر آؤٹ ہوگئے، پی ٹی وی کے حارث رؤف پانچ، کنگز مین کے عاکف جاوید اور سٹیٹ بینک کے کاشف بھٹی چھ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
عمران خان سٹیڈیم پشاور میں کے آر ایل کو غنی کے خلاف دوسری اننگز میں 405 رنز کی برتری حاصل ہے، کے آر ایل کے شاہین شاہ آفریدی پہلی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں کنگز مین نے ایم آئی کے خلاف اننگز میں 235 رنز کی برتری حاصل کی۔
ایم آئی ٹی کے عاکف جاوید نے79 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں، فالو آن کا شکار ایم آئی ٹی نے دن کے اختتام تک پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنالیے، 32 رنز کا خسارہ باقی ہے۔
ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ میں حارث رؤف کی پانچ وکٹوں کی بدولت پی ٹی وی نے پہلی اننگز میں اوجی ڈی سی ایل پر 196 رنز کی برتری حاصل کی ،تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک اوجی ڈی سی ایل نے تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنا لیے ۔
شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں سٹیٹ بینک کے کاشف بھٹی کے ایس این جی پی ایل کے خلاف چھ شکار ،ایس این جی پی ایل پہلی اننگز میں صرف 30 رنز کی برتری حاصل کر سکی ،جواب میں سٹیٹ بینک کے اوپننگ بلے باز حسن رضا نے شاندار سنچری سکور کی، سٹیٹ بینک کو 160 رنز کی برتری حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد میں ٹیلی فونک رابطہ






