
(ملک اشرف)لاہورہائیکورٹ نے سابق کپتان محمد رضوان کی این سی سی آئی اے کی کارروائی کے خلاف درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ہے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر سماعت کی۔
دورانِ سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو این سی سی آئی اے کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے؟
وکیل درخواست گزار نے جواب دیا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے 10 ستمبر کو نوٹس موصول ہوا تھا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا آپ اس تاریخ کو این سی سی آئی اے میں پیش ہوئے تھے؟ وکیل نے جواب دیا کہ جی۔
مزید پڑھیں:کرایہ داری ایکٹ:لاہور ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ
درخواست گزار اس تاریخ کو این سی سی آئی اے میں پیش ہوئے تھے، تاہم اب دوبارہ این سی سی آئی اے کی جانب سے بلایا جا رہا ہے۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ وہاں جا کر اپنا موقف پیش کریں۔
عدالت کے سوالات پر درخواست گزار کے وکیل تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ آپ کو جرمانہ کیا جائے، آپ کو حقائق چھپانے پر بھاری جرمانہ ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے طلبی کے نوٹس چیلنج کیے ہیں۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ این سی سی آئی اے کے شوکاز نوٹس کا جواب دیں اور وہاں پیش ہوں۔
بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے محمد رضوان کی درخواست خارج کر دی۔






