
(ویب ڈیسک)ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی ایشو پر ہاکی انڈیا نے پاکستان کی درخواست مسترد کردی ہے،تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن سے درخواست کی تھی کہ پاکستان کے میچز نیوٹرل مقام پر منتقل کیے جائیں یا پھر چیمپئنز ٹرافی کا مقام ہی بھارت سے باہر کسی غیر جانبدار ملک میں رکھا جائے,جس پر بھارتی ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری بھولا ناتھ سنگھ نےاپنا ردعمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ہاکی فیڈریشن کا موقف ہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی بھارت میں ہی کھیلی جائے گی۔
انڈین ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھی بھارت میں کھیلنا ہوگا، پاکستان نہیں آتا تو پہلے سے اعلان کردہ متبادل ٹیم کو مدعو کریں گے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 27 اکتوبر سے 5 نومبر تک جالندھر اور موہالی میں کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
دو روز قبل بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے شیڈول کے اعلان پر دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم بھی کھیلنے آئے گی۔
دوسری جانب ایشین ہاکی فیڈریشن کی طرف سے اس حوالے سے تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
مزید پڑھیں:سی پی ایل میں44 گیندوں پر سنچری، پاکستان کے معاذ صداقت نے تاریخ رقم کر دی






