3

بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا،ظہور بلیدی

کوئٹہ: صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے آواران میں دہشتگردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کا خاتمہ سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت کارروائی اور مؤثر حکمت عملی کا واضح ثبوت ہے۔اپنے بیان میں ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے سفر میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور عزم اور استقامت کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوان پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ ریاستی ادارے امن دشمن عناصر کے عزائم کو ہر سطح پر ناکام بنانے کے لیے متحد اور پرعزم ہیں۔ظہور بلیدی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ امن کے قیام اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ریاستی اداروں کا ساتھ دیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں