1

حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا،شازیہ مری

کوئٹہ: مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ایک اور مہنگائی کا جھٹکا دے دیا ہے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے پہلے ہی مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ پڑ گیا ہے۔ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پیٹرول کی قیمت میں مزید اضافہ کر دیا، جس سے روزمرہ زندگی مزید مشکل ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اشیائے ضرورت کی قیمتوں پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے، جس کا براہِ راست بوجھ عام شہریوں کو برداشت کرنا پڑے گا۔

مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز نے سوال اٹھایا کہ مہنگائی کے اس بوجھ سے عوام کو کب نجات ملے گی؟ عوام کو ریلیف دینے کے حکومتی دعوے کہاں گئے، جب پیٹرول کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے؟

شازیہ مری نے کہا کہ پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ہونے والی مزید مہنگائی غریب اور کم آمدن والے طبقے کے لیے کیسے قابلِ برداشت ہوگی، حکومت کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کمزور اور مستحق طبقات کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کرے اور عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں