(وسیم عظمت) فیفا ورلڈ کپ کے 32 کے راؤنڈ میں ورلڈ چیمپئین ارجنٹینا نے کیپ وردے سے مشکل میچ 2-3 سے جیت کر 16 کے راؤنڈ میں جگہ حاصل کر لی۔ اس جیت کے لئے ارجنٹینا کو ایکسٹرا ٹائم کے آخری لمحے تک جدوجہد کرنا پڑی۔
فلوریڈا کے کیپیٹل میامی میں ارجنٹینا کو فیفا ورلڈ کپ میں اپنی طویل ہسٹری کا مشکل ترین میچ جیتنے میں دانتوں پسینہ آ گیا۔ کیپ وردے کی ٹیم نے یہ میچ جیتنے کے لئے میسی الیون کو ایکسٹرا ٹائم کے آخری لمحے تک ٹف ٹائم دیا۔ ارجنٹینا نے دو مرتبہ ایک گول کی برتری حاصل کی، کیپ وردے کے بے نام کھلاڑیوں نے دونوں مرتبہ ورلڈ چیمپئین کی برتری کو توڑ کر سکور برابر کیا، تیسری مرتبہ ایکسٹرا ٹائم کا آدھا وقت گزرنے کے بعد کیپ وردے کے کھلاڑی ڈینی بورگیس کی بدقسمتی سے کیپ وردے کو تیسرا “اون گول” ہو گیا۔ اس گول کی برتری آخری لمحہ تک نہیں ٹوٹ سکی۔
آج کے میچ میں جیت کے بعد میسی الیون 7 جولائی کو اٹلانٹا میں مصر کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میچ کھیلے گی اور کیپ وردے کا کھیل دیکھنے کے لئے فٹ بال کے شوقینوں کو نامعلوم عرصہ تک انتظار کرنا پڑے گا۔ کیونکہ اس غیر معمولی ٹیم کا سفر ارجنٹینا سے ہار کر تمام ہو گیا ہے۔
میسی کو 29 منٹ بعد موقع ملا
ارجنٹینا اور کیپ وردے کا میچ پہلے 29 منٹ تک برابر رہا، گو کہ اس دوران بال بیشتر وقت ارجنٹینا کے پاس رہی لیکن وہ گول نہیں کر سکے اور خود کو گول سے بچانے کی بھی مسلسل کوشش میں رہنا پڑا۔ لہیونل میسی کی کوششیں بھی تب تک بے ثمر رہیں۔ البتہ 29 ویں منٹ میں لیونل میسی کو ایک وائیٹل چانس ملا اور انہوں نے اپنے ورلڈ ریکارڈ کو اونچا کرنے کے ساتھ ارجنٹینا کو کیپ وردے پر ایک گول کی برتری دلوا دی اور چیمپئین کے فینز سے بھرے سٹیڈیم میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔


چیمپئین کی برتری صرف نصف گھنٹہ رہی
لیونل میسی کی حاصل کی ہوئی برتری کو توڑنے کے لئے کیپ وردے کی پوری ٹیم نے دیوانوں جیسی مستقل مزاجی سے سٹرگل کی اور دوسر ہاف شروع ہونے کے دس منٹ بعد میچ کے 59 ویں منٹ میں دیروؤے دوارتے نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

دوسرے ہاف کے انجری ٹائم میں دوسرا گول
اس کے بعد دوسرے ہاف کے بعد ایکسٹرا ٹائم میں ارجنٹینا کے لیونارڈو ماٹینیز نے دوسرا گول کر کے ارجنٹینا کی برتری بحال کی۔ 12 منٹ بعد میچ کے ایکسٹرا ٹائم میں (ایک سو تیسرا منٹ) کیپ وردے کے سڈنی لوپیز کیبرال نے ایک بار پھر غیر معمولی گول کر کے میچ کو برابر کر دیا اور ورلڈ چیمپئین کو سخت دباؤ میں دھکیل دیا۔
دو دو گول کے ساتھ برابر میچ بظاہر پینلٹی شوٹس کی طرف بڑھتا رہا لیکن اس دوران دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کو مزید ایک گول کر کے زیر کر لینے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں۔

ارجنٹینا کی تیسری مرتبہ برتری
ایکسٹرا ٹائم کا ہاف ٹائم اور انجری ٹائم ختم ہونے کے بعد باقی آدھے وقت کے پانچویں منٹ کے دوران میسی کی کارنر ہٹ پر کیپ وردے کے کھلاڑی دینی بورگیس کی غلطی سے کیپ وردے کو تیسرا گول ہو گیا اور ارجنٹینا کو اعصاب شکن کوشش کے بعد تیسری مرتبہ برتری حاصل ہو گئی۔ باقی ماندہ وقت کے دوران کیپ وردے کے کھلاڑیوں نے زیادہ بے جگری کے ساتھ زیادہ تیز رفتار کے ساتھ گول پوسٹ پر حملے کئے۔

مسلسل کوشش کے دوران انہیں زیادہ تعداد میں کارنر ہٹس ملیں اور ارجنٹینا کی ڈی کے ارد گرد مسلسل کوشش کر کے انہوں نے بار بار گول پوسٹ پر براہ راست حملے کرنے کی کوشش کی لیکن باقی سارا وقت ارجنٹینا کی ٹیم نے سخت دفاعی کھیل کھیلا اور تیسری مرتبہ حاصل ہونے والی برتری کو ٹوٹنے سے بچانے میں کامیاب رہے۔
کیپ وردے کے سورج کا فٹ بال کے افق پر طلوع
اس غیر معمولی میچ میں کیپ وردے، ارجنٹینا سے جیت تو نہیں چھین پائی لیکن اس کے کھلاڑی سڈنی لوپیز کیبرال کم از کم ایک ایسا گول کرنے میں کامیاب ہوئے جسے سوکرز کی ہسٹری کے بہترین گولوں میں سے ایک شمار کیا جائے گا اور اس ورلڈ کپ کا اب تک یقیناً بہترین گول گنا جائے گا۔
بہت سے شائقین اس میچ کے بعد یہی کہتے رہیں گے کہ “سکور بورڈ ورلڈ چیمپئین ٹیم کے حق میں تھا، لیکن دل تو دوسری ٹیم جیت گئی۔”

تجربہ اور مہارت کا انرجی اور جنون سے مقابلہ
کیپ وردے نے اس میچ کو جنون اور انرجی کی مدد سے کھیلا اور دفاعی چیمپئین نے اپنے بے پناہ تجربے، مہارت اور میسی سمیت کئی سٹارز کی سٹارڈم کی مدد سےمیچ کو بچایا۔ کچھ فینز کو کیپ وردے اس میچ کی اخلاقی یا جذباتی فاتح محسوس ہو سکتی ہے، مگر ورلڈ چیمپئن نہیں۔ ورلڈ چیمپئن کا اعزاز ارجنٹینا کے پاس ہی ہے۔

البتہ اس میچ میں کیپ وردے نے ارجنٹینا کو اپنی بہترین صلاحیت استعمال کرنے پر مجبور کیا۔
اس نے دو مرتبہ واپسی کی، جو دفاعی چیمپئن کےساتھ میچ میں غیر معمولی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: فیفا ورلڈ کپ میں مصر نے تاریخ لکھ دی، 92 سال بعد 16 کے راؤنڈ میں پہنچ گیا
عالمی افق پر بالکل نئی ٹیم نے خوف کے بجائے ایسی خود اعتمادی سے فٹ بال کھیلی کہ کئی مواقع پر ایسا لگا کہ ارجنٹینا میچ پر مکمل گرفت قائم نہیں کر پا رہی۔
دراصل تو چیمپئن ہونے کا پیمانہ یہی ہے کہ آپ مشکل ترین دن بھی کسی نہ کسی طرح جیت جائیں۔ آج کے میچ میں ارجنٹینا کا کھیل بہت خوبصورت نہیں رہا لیکن بہرحال بڑی ٹیمیں ہمیشہ اپنی بہترین فٹ بال نہیں کھیلتیں۔ بعض اوقات ان کی عظمت اس میں ہوتی ہے کہ جب کھیل خوبصورت نہ بھی ہو، تب بھی وہ راستہ نکال لیتی ہیں۔
گیارہ کھلاریوں نےگمنام افریقی قوم کیلئےشناخت جیت لی
کانگو کے گروپ اور 32 کے مرحلہ کے میچوں میں”53 سال کے خواب” ان کے ساتھ میدان میں آئے تھے، اور آج کیپ وردے اپنے سفر کا اخری میچ ثابت ہونے والے اس میچ میں اپنی تاریخ بدلنے کے جذبے سے کھیل رہی تھی۔ اس میچ کے اختتام کے بعد کہا جائے گا کہ ارجنٹینا نے میچ جیتا، لیکن کیپ وردے نے اپنی شناخت جیت لی۔

اور اگر کیپ وردے آئندہ برسوں میں افریقی فٹ بال کی مستقل طاقت بن کر ابھرتی ہے، تو مؤرخ آج میامی میں کھیلے گئے اس میچ کو ایک بڑی ٹیم کے سفر کا وہ لمحہ قرار دیں گے جب دنیا نے پہلی بار سنجیدگی سے کہا: “یہ ٹیم کچھ بھی کر سکتی ہے۔”
یہ بھی پڑھیں: ومبلڈن ٹینس : نواک جوکووچ اور ناومی اوساکا پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
یہ بھی پڑھیئے: فیفاورلڈکپ:پرتگال،سوئٹزرلینڈ نے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا






