
(ویب ڈیسک) نئی نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے 16 جولائی 2026 سے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشنز کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کر دیا ۔
ایئرلائن کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک کے مختلف علاقوں کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید مستحکم بنانا، علاقائی ترقی کو فروغ دینا اور مسافروں کو محفوظ، معیاری اور قابلِ اعتماد سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ساؤتھ ایئر کراچی، اسلام آباد اور بہاولپور کے درمیان باقاعدہ پروازیں شروع کرے گی، جبکہ کراچی سے گوادر، سکھر اور رحیم یار خان کے لیے بھی نئی شیڈول سروسز متعارف کرائی جا رہی ہیں، ان روٹس کے آغاز سے کاروباری سرگرمیوں، سیاحت، تعلیم اور علاقائی روابط کو نئی تقویت ملنے کی توقع ہے۔
ایئرلائن اپنی پروازوں کا آغاز جدید ATR 72-600 طیاروں کے ذریعے کر رہی ہے۔
ساؤتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ کاکہناہے کہ ساؤتھ ایئر کا قیام محض ایک نئی ایئرلائن کا اضافہ نہیں بلکہ پاکستان کے فضائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی ایک قومی کاوش ہے، ہمارا عزم ہے کہ ہم ہر مسافر کو محفوظ، بروقت اور اعلیٰ معیار کی سفری سہولیات فراہم کریں اور ان علاقوں کو قومی فضائی نیٹ ورک سے منسلک کریں جہاں فضائی خدمات اب تک محدود رہی ہیں۔
ان کاکہناتھاکہ کمپنی مستقبل قریب میں اپنے فضائی بیڑے اور روٹ نیٹ ورک میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ ملک کے مزید شہروں کو جدید، محفوظ اور معیاری فضائی سہولیات فراہم کی جا سکیں،ساؤتھ ایئر نے ڈریم ورلڈ ڈیسٹینیشن ہوٹلز اینڈ گولف کورس کے ساتھ ایک اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے ہیں، اس شراکت داری کے تحت مشترکہ سفری پیکجز، خصوصی رعایتی آفرز اور سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو مزید بہتر سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق ساؤتھ ایئر اپنے تمام آپریشنز میں بین الاقوامی حفاظتی معیار، وقت کی پابندی، بہترین کسٹمر سروس، آپریشنل شفافیت اور پیشہ ورانہ معیار کو اپنی اولین ترجیح بنائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:لکی مروت میں جماعت اسلامی کے رہنما قاتلانہ حملے میں جاں بحق
ماہرینِ ہوا بازی کے مطابق ساؤتھ ایئر کی آمد سے پاکستان کی فضائی صنعت میں صحت مند مسابقت کو فروغ ملے گا، علاقائی فضائی رابطے مزید مستحکم ہوں گے، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور قومی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔






