
(24نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرا دی گئی۔
استحکامِ پاکستان پارٹی کے رکن محمد علی کی جانب سے قرارداد گلگت بلتستان اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی، جس میں مولانا فضل الرحمان سے منسوب پاک فوج کے شہداء سے متعلق بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ بیان سے شہداء کی عظیم قربانیوں، ان کے اہل خانہ کے جذبات اور پوری پاکستانی قوم کے احساسات مجروح ہوئے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے شہداء سمیت تمام مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں نے دہشت گردی، انتہا پسندی اور بیرونی جارحیت کے خلاف بے مثال قربانیاں دے کر ملک کے دفاع، امن اور استحکام کو یقینی بنایا۔قرارداد میں تمام شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ کے صبر، حوصلے اور ایثار کو بھی سراہا گیا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں، عوامی نمائندے اور قومی رہنما اپنی گفتگو اور بیانات میں ذمہ داری، احتیاط اور قومی مفاد کو مقدم رکھیں اور ایسے الفاظ یا بیانات سے گریز کریں جو قومی یکجہتی یا شہداء کے احترام پر اثر انداز ہوں۔قرارداد میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور ترقی کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کی مشترکہ جدوجہد کو ہر سطح پر سراہا جائے گا اور شہداء کی قربانیوں کو قومی تاریخ کا روشن باب سمجھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خاتون ساتھی ورکرکو خواجہ سرا سے تشبیہ دینے پر سرکاری افسر کو جرمانےکی سزا سنادی گئی






