
( عثمان خان)وفاقی حکومت نے حج و عمرہ ایکٹ 2024 کے تحت نئے عمرہ رولز کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق آئندہ عمرہ سے متعلق تمام انتظامی، ریگولیٹری اور نگرانی کے امور وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دائرہ اختیار میں ہوں گے، نئے قواعد کے مطابق صرف وزارت مذہبی امور سے تصدیق شدہ کمپنیاں ہی عمرہ کروانے کی مجاز ہوں گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نئے رولز کے تحت جامع عمرہ پالیسی کی تیاری کے لیے عمرہ پالیسی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے،ایڈیشنل سیکرٹری مذہبی امور کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے، جبکہ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت قانون و انصاف اور کابینہ ڈویژن سے ایک ایک اعلیٰ افسر کمیٹی کے رکن ہوں گے،کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد نئی عمرہ پالیسی مرتب کرے گی، جسے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیا جائے گا۔
تمام عمرہ کمپنیاں وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق اپنے نسک (Nusuk) معاہدات کی فوری تصدیق کروائیں تاکہ انہیں مستند عمرہ آپریٹرز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے،وزارت کی جانب سے تصدیق شدہ عمرہ کمپنیوں کی فہرست سرکاری ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی تاکہ عوام مستند آپریٹرز کی آسانی سے شناخت کر سکیں۔
وزارت مذہبی امور نے عمرہ زائرین کو بھی خبردار کیا ہے کہ وہ صرف وزارت کی ویب سائٹ پر موجود تصدیق شدہ عمرہ آپریٹرز کے ذریعے ہی اپنی بکنگ کروائیں،غیر رجسٹرڈ یا غیر مصدقہ کمپنیوں کے ذریعے بکنگ کی صورت میں پیش آنے والے مسائل کی ذمہ داری متعلقہ افراد پر ہو گی جبکہ وزارت صرف ان کمپنیوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کا ازالہ کرے گی جو وزارت سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں:ملک میں کتنے دن کاپیٹرول باقی؟تیل کمپنیوں نے خبردارکردیا
وزارت نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ عمرہ پیکیج کی ادائیگی ہمیشہ بینکنگ چینل کے ذریعے کریں اور ادائیگی کی رسید، معاہدہ اور دیگر متعلقہ دستاویزات محفوظ رکھیں تاکہ کسی تنازع یا شکایت کی صورت میں ان کے حقوق کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔






