3

ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن اور ڈی جی جی ڈی اے معین الرحمٰن خان کی سربراہی میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس

گوادر،
ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمٰن اور ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر معین الرحمٰن خان کی سربراہی میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اجلاس ہوا جس میں پشکان لنک روڈ، سربندر لنک روڈ پر پل کی تعمیر اور میرین ڈرائیو پر آنکاڑہ کور سے تا شابی کے درمیان سڑک کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، سپرنٹنڈنگ انجینئر روڈ نادر بلوچ، اسسٹنٹ انجینئر ذاکر نور اور پرسنل اسسٹنٹ ٹو ایم پی اے وسیم صمد بھی موجود تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشکان لنک روڈ کی تعمیر کے لیے آئندہ ہفتے ٹینڈر جاری کیا جائے گا، جبکہ میرین ڈرائیو پر آنکاڑہ کور سے تا شابی کے درمیان سڑک کی مرمت و بحالی کے کام کا فوری طور پر آغاز کیا جائے گا۔

اس دوران ان ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون، تخمینہ لاگت اور دستیاب وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دستیاب وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پشکان لنک روڈ کی تعمیر کی منظوری دی گئی۔ منصوبے میں مرکزی چوک کی تزئین و آرائش اور ڈرینج لائن کی تعمیر بھی شامل ہے۔

سربندر لنک روڈ پر پل کی تعمیر کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کے پی سی ون کو ریشنلائز کرکے دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد فنڈز کی دستیابی کی صورت میں تعمیراتی کام کا آغاز کیا جائے گا۔

ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے پشکان، سربندر اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی، سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری آئے گی اور گوادر شہر سمیت نواحی علاقوں میں آمدورفت مزید آسان اور محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں