سنجاوی:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات کی روشنی میں صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے سلسلے میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سمالن سنجاوی کے زیر اہتمام سپورٹس ویک 2026 کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔اس سلسلے میں حاجی نور محمد دمڑ فٹ بال اسٹیڈیم میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع زیارت کے صدر محمد نور دمڑ، سکول کے ہیڈ ماسٹر محمد یوسف دمڑ اور اساتذہ کرام نے فیتہ کاٹ کر سپورٹس ویک کا افتتاح کیا۔سپورٹس ویک کے پہلے روز فٹ بال، 100 میٹر دوڑ، بلائنڈ پول گیم، گولہ پھینکنے سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں طلبہ نے بھرپور جوش و خروش اور دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنی جسمانی صلاحیتوں، کھیلوں کی مہارت اور مقابلے کے جذبے کا مظاہرہ کیا، جسے اساتذہ اور ساتھی طلبہ کی جانب سے سراہا گیا۔سپورٹس ویک کے انعقاد کا بنیادی مقصد طلبہ میں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا، ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کو یقینی بنانا اور نوجوان نسل میں نظم و ضبط، ٹیم ورک، برداشت، باہمی تعاون اور مثبت مسابقت کے جذبے کو پروان چڑھانا ہے۔اسکول انتظامیہ کے مطابق سپورٹس ویک کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا سلسلہ جاری رہے گا، تاکہ طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
3






