(امانت گشکوری)چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔
اس موقع پر مسلم ورلڈ لیگ کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور وزارتِ خارجہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے مکالمے کے فروغ، اسلام کی حقیقی اقدار کے فروغ، انتہاپسندی اور اسلاموفوبیا کے تدارک، اور انسانی فلاح کے لیے مسلم ورلڈ لیگ کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ڈاکٹر العیسیٰ کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور مشترکہ انسانی اقدار پر مبنی عالمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے جاری اصلاحاتی ایجنڈے، انصاف تک رسائی، ادارہ جاتی شفافیت، ٹیکنالوجی پر مبنی عدالتی خدمات اور عوامی اعتماد کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ آزاد، مؤثر اور عوام دوست عدلیہ قانون کی حکمرانی اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
دونوں فریقوں نے ثالثی، انصاف تک رسائی، عدالتی تعلیم، بنیادی حقوق کے تحفظ، عدالتی انتظامیہ، کورٹ مینجمنٹ، اور ضلعی عدلیہ و تکنیکی افسران کے تبادلہ پروگرامز سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر علم، تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے انصاف، رواداری، پُرامن بقائے باہمی اور انسانی فلاح کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے قانون کی حکمرانی، انسانی وقار اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیر بلدیات سندھ ناصر شاہ کی طبعیت خراب، ابوظہبی میں زیر علاج