8

ورلڈ کپ فائنل سے قبل ارجنٹائن میں توہم پرستی عروج پر، شائقین کی انوکھی رسومات

( ویب ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل سے قبل ارجنٹائن میں فٹبال کا جوش اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے، جہاں شائقین ٹیم کی کامیابی کے لیے مختلف توہم پرستانہ رسومات پر عمل کر رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپین کے خلاف فیصلہ کن مقابلے سے پہلے ارجنٹائن بھر میں مداح اپنی اپنی روایات کو خوش قسمتی کی علامت سمجھتے ہوئے دہرا رہے ہیں۔ بعض افراد ہر میچ میں ایک ہی لباس پہنتے ہیں، کچھ اپنی نشست تبدیل نہیں کرتے، جبکہ کئی خاندان مخصوص انداز میں میچ دیکھنے کو ٹیم کی کامیابی سے جوڑتے ہیں۔

بیونس آئرس کے رہائشی آندریس گونزالیز کا کہنا ہے کہ اگر میچ کے دوران کوئی شخص باتھ روم گیا ہو اور اسی وقت ارجنٹائن گول کر دے تو وہ میچ ختم ہونے تک واپس نہیں آتا، کیونکہ اسے خوش قسمتی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

ارجنٹائن کے صدر خاویر میلی نے بھی اعتراف کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے دوران اپنی مخصوص روایت پر عمل کرتے ہوئے تمام میچ صدارتی رہائش گاہ سے ہی دیکھتے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کا نیا فارمیٹ! چھوٹی ٹیموں کیلئے ورلڈکپ خواب کیوں مشکل بن گیا؟

کئی خاندانوں میں میچ کے دوران ایک ہی نشست پر بیٹھنے، مخصوص رنگوں کے کپڑے پہننے اور یہاں تک کہ پالتو جانوروں سے متعلق بھی منفرد رسومات اپنائی جا رہی ہیں۔ بعض مداح آج بھی مخالف ٹیم کے کھلاڑیوں کے اسٹیکرز فریزر میں رکھ کر اپنی ٹیم کی کامیابی کی دعا کرتے ہیں۔

ماہرِ سماجیات ڈیاگو مورزی کے مطابق ارجنٹائن میں فٹبال شائقین خود کو صرف تماشائی نہیں بلکہ ٹیم کی کامیابی کا حصہ سمجھتے ہیں، اسی لیے وہ مختلف رسومات کے ذریعے اپنی ٹیم کے لیے خوش قسمتی لانے کی کوشش کرتے ہیں۔

دوسری جانب لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی یاد بھی آج تک مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے، جہاں ان کے سابقہ گھر اور یادگاروں پر شائقین کی آمد کا سلسلہ فائنل سے قبل مزید بڑھ گیا ہے۔
 
 
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں