7

مرغی انڈے اور گوشت سرکاری نرخوں سے مہنگے  ہونے لگے

( ابوبکر ارشد)مہنگائی کے مسلسل اثرات کے باعث شہریوں کے لیے سستا پروٹین بھی مہنگا ہوتا جا رہا ہے، جہاں مرغی کا گوشت، انڈے اور دیگر اشیائے خورونوش سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہیں۔

سرکاری نرخ نامے کے مطابق مرغی کے گوشت کی قیمت 490 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہی گوشت 520 سے 530 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔

اسی طرح برائلر مرغی بھی سرکاری نرخ سے 25 سے 30 روپے فی کلو زائد قیمت پر فروخت کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب چھوٹا گوشت، جس کا سرکاری ریٹ 1600 روپے فی کلو مقرر ہے، مارکیٹ میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ بڑے گوشت کی سرکاری قیمت 800 روپے ہونے کے باوجود دکاندار اسے 1000 سے 1200 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں:سونے کی طرف بڑھتا رجحان۔۔! کیا عالمی معیشت نئے بحران کا اشارہ دے رہی ؟

فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 245 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں ایک درجن انڈے 250 سے 255 روپے میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے اور من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو اشیائے خورونوش مقررہ نرخوں پر دستیاب ہو سکیں۔

 
 
 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں