
(24 نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشتاق محمد، ایشین بریڈ مین ظہیر عباس، سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز ,مدثر نذر اور سپورٹس آرگنائزر سہیل جاوید بٹ نے ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راؤنڈر سر گیری سوبرز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی کرکٹ کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغامات میں انہوں نے کہا کہ سر گیری سوبرز تاریخ کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں شمار ہوتے تھے۔ ان کی شاندار بیٹنگ، مؤثر باؤلنگ اور غیر معمولی فیلڈنگ نے انہیں کرکٹ کی دنیا میں ایک لازوال مقام عطا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سر گیری سوبرز کی خدمات اور کارنامے ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے اور آنے والی نسلیں ان سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔
سابق کپتان مشتاق محمد، جو اس وقت 82 برس کے ہیں اور پاکستان کے عظیم بلے باز لٹل ماسٹر حنیف محمد کے چھوٹے بھائی ہیں، نے سر گیری سوبرز کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات اور کھیل کی یادیں بھی تازہ کیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے کیریئر کے آغاز ہی میں سر گیری سوبرز جیسے عظیم کرکٹر کے مدمقابل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا، جو ان کے لیے ہمیشہ باعثِ فخر رہے گا۔
واضح رہے کہ مشتاق محمد نے 26 مارچ 1959 کو لاہور کے باغ جناح میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ میں صرف 15 سال اور 124 دن کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کرکے دنیا کے کم عمر ترین ٹیسٹ کرکٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس تاریخی میچ میں سر گیری سوبرز کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے شہرۂ آفاق فاسٹ باؤلر سر ویسلے ہال بھی اپنی ٹیم کی نمائندگی کر رہے تھے۔
اس دور میں کرکٹ میں حفاظتی ہیلمٹ کا استعمال رائج نہیں تھا۔ اسی میچ کے دوران ویسٹ انڈیز کے تیز رفتار باؤلر سر ویسلے ہال کا خطرناک باؤنسر پاکستانی اوپنر اعجاز بٹ کے سر پر لگا، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گئے اور انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر میدان چھوڑنا پڑا۔ مشتاق محمد نے کہا کہ اس میچ کی یادیں آج بھی ان کے ذہن میں تازہ ہیں اور سر گیری سوبرز نہ صرف ایک عظیم کرکٹر بلکہ نہایت باوقار، شفیق اور کھیل کے اعلیٰ اخلاق کے علمبردار انسان بھی تھے۔
مدثر نذر سرفراز نواز اور سہیل جاوید بٹ نے بھی کہا کہ سر گیری سوبرز نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں سے کرکٹ کو نئی جہت دی اور ان کا نام ہمیشہ کرکٹ کی تاریخ کے سنہرے باب کا حصہ رہے گا۔
انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ، ویسٹ انڈیز کرکٹ اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے۔
یہ بھی پڑھیں :دورہ سری لنکا: پاکستان ویمن ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈز کا اعلان






