5

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی آئی ایم ایف حکام سے ملاقاتیں، معاشی اصلاحات اور پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ

(وقاص عظیم)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے آئی ایم ایف کی سینیئر انتظامیہ سے مختلف ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی میکرواکنامک صورتحال، جاری اصلاحاتی پروگرام اور مستقبل کے معاشی اہداف پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کٹز، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر نائجل کلارک، مشرق وسطیٰ و وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور اور پاکستان کے لیے مشن چیف ایوا پیٹرووا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران پاکستان کے لیے جاری ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (EFF)، ریزیلیئنس اینڈ سسٹینبیلٹی فیسلٹی (RSF) اور فنڈ کے تحت جاری پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف حکام کو پاکستان کی بہتر مالی صورتحال، بیرونی شعبے میں استحکام، محصولات کے اہداف، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری، ریکارڈ ترسیلات زر اور کرنٹ اکاؤنٹ کی مثبت صورتحال سے آگاہ کیا۔

بات چیت میں ٹیکس اصلاحات، توانائی کے شعبے میں بہتری، نجکاری، ٹیرف ریشنلائزیشن، قرضوں کے بہتر انتظام، مالیاتی ذرائع میں تنوع اور عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں پاکستان کی واپسی سمیت اہم معاشی امور زیر بحث آئے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟ وزیرِ پیٹرولیم نے پردہ اٹھا دیا

فریقین نے انسانی سرمائے کی ترقی، خواتین کی معاشی شمولیت، آبادی سے متعلق چیلنجز، ٹیکنالوجی پر مبنی اقتصادی ترقی اور نجی شعبے کی قیادت میں برآمدات بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد کے اعتراف پر فنڈ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے حکومت کے مالیاتی نظم و ضبط، پالیسیوں میں تسلسل، ساختی اصلاحات اور طویل المدتی اقتصادی تبدیلی کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں