
(حاشر احسن )پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور کی زیر صدارت زرداری ہاؤس میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس کے دوران آزاد کشمیر کے عام انتخابات، سیاسی صورتحال اور انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا ۔
اجلاس کے دوران فریال تالپور نے پارٹی تنظیم کو مزید فعال اور انتخابی مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔
انھوں نے کہا کہ کارکن ہماری اصل طاقت ہیں، ہر سطح پر تنظیم کو مضبوط بنایا جائے،ہر حلقے میں انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی گئی۔
فریال تالپور نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سیاست عوامی خدمت، جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ پر مبنی ہے،پارٹی قیادت آزاد کشمیر کے کارکنوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اجلاس کے دوران حق حاکمیت، حق ملکیت اور حق روزگار کے نعرے کے ساتھ انتخابات میں حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ،شرکائے اجلاس نے اظہارِ یقین کیا کہ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں :وزیراعظم شہبا ز شریف کا ’’آپریشن شعبان‘‘ کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین






