
( روزینہ علی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 2026-27 کے لیے نئی جامع فٹنس پالیسی جاری کر دی ہے، جس کا اطلاق ریجنل، ڈیپارٹمنٹل، ضلعی اور زونل ٹیموں پر ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق نئی پالیسی بین الاقوامی کرکٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ ایکسرسائز میڈیسن جاوید مغل نے دو سطحی (ٹائر ون اور ٹائر ٹو) فٹنس پلان مرتب کیا ہے، جس میں مختلف عمر کے کھلاڑیوں کے لیے جامع فٹنس ٹیسٹنگ اور فٹنس میں بہتری کا پروگرام شامل ہے۔
پالیسی کے تحت ٹائر ون میں ریجنل، فرسٹ کلاس اور گریڈ ٹو ڈیپارٹمنٹل ٹیموں کے کھلاڑی شامل ہوں گے، جبکہ ٹائر ٹو میں سینئر ڈسٹرکٹ، انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 ٹیموں کے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔
ٹائر ون کے کھلاڑیوں کو 11 مختلف فٹنس ٹیسٹ دینا ہوں گے جبکہ ٹائر ٹو کے کھلاڑی آٹھ مختلف ٹیسٹ سے گزریں گے، ٹائر ون میں آٹھ یا اس سے زیادہ ریڈ اسکور حاصل کرنے والا کھلاڑی فٹنس ٹیسٹ میں ناکام قرار پائے گا جبکہ ٹائر ٹو میں چھ یا اس سے زیادہ ریڈ اسکور پر کھلاڑی فیل تصور ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:مہنگائی کا راج۔۔! گھی اور تیل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے کھلاڑیوں کو تمام ٹیسٹ دوبارہ دینا ہوں گےجبکہ کامیاب کھلاڑیوں کا ہر چھ ماہ بعد دوبارہ فٹنس جائزہ لیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق پی سی بی کے منظور شدہ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچز ملک بھر میں فٹنس ٹیسٹ منعقد کریں گے ۔






