3

سیلاب کا خدشہ ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب بھر میں الرٹ جاری ،ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز

(علی رامے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت  پر پنجاب بھر میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے احتیاطی تدابیر اور ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ 

اس حوالے سے سینئر منسٹر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق  سمیت رکن قومی اسمبلی رانا عتیق انور، رکن پنجاب اسمبلی اشرف رسول، رکن پنجاب اسمبلی احمد احسن، سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی واسا، ڈی جی پی ڈی ایم اے، کمشنر لاہور، ڈی سی لاہور، کمشنر گوجرانولہ ڈویژن، ڈی سی شیخوپورہ، ڈی سی نارووال و دیگر افسران نے شرکت کی۔

سینئر وزیر نے ممکنہ سیلابی صورتحال اور انتظامیہ کی جانب سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا ، سینئر وزیر مریم اورنگزیب  نے انتظامیہ کو فوڈ، جانوروں کا چارہ، ریسکیو و دیگر تیاریوں کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی ۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ممکنہ سیلاب کی صورتحال کو خود مانیٹر کر رہی ہیں، انتظامیہ الرٹ رہے اور متعلقہ اضلاع کو فنڈز کی فوری طور پر منتقلی کی ہدایت کی گئی ہے،دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جائے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، لائیو اسٹاک و دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ فلڈ ریلیف کیمپس پر 24 گھنٹے موجود رہے،تمام متعلقہ ادارے پی ڈی ایم اے پنجاب کے الرٹس کے تحت پیشگی انتظامات مکمل ر کھیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی واضح ہدایات ہیں کوتاہی یا غیر ذمہ داری کی گنجائش نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایمرجنسی کنٹرول روم سے صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے،پنجاب میں ریکارڈ بارشیں ہوئی اور ریکارڈ ٹائم میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔

 صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق  نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام متعلقہ محکمے مکمل الرٹ رہیں،ممکنہ سیلابی صورتحال میں بروقت اور مؤثر ردعمل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،شہریوں کو بروقت معلومات اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :چیئرمین قائمہ کمیٹی مواصلات برہم، موٹروے پولیس کو نکاح نامے چیک نہ کرنے کی ہدایت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں