
(ویب ڈیسک) نجی سکولوں نے گرمیوں کی تعطیلات کم کرنے اور 3 اگست سے سکول کھولنے کا مطالبہ کردیا اور کہا سکولوں کو جلدی کھولنے سے طلبہ کا تعلیمی حرج نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ سکول سلوشنز آف پاکستان کے صدر ملک عبدالصمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، حکومتی پابندیوں اور تعلیمی سرگرمیوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نجی سکولوں کی نمائندہ تنظیم نے پنجاب حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ جاری گرمیوں کی تعطیلات کے دورانیے کو کم کیا جائے اور نجی تعلیمی اداروں کو طے شدہ تاریخ سے پہلے ہی تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی جائے۔
اجلاس میں شرکاء نے حکومت سے اپیل کی کہ سکولوں کو موجودہ شیڈول (24 اگست) کے بجائے 3 اگست 2026 سے کھولنے کی اجازت دی جائے۔
ارکان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو جلدی کھولنے سے طلبہ کا تعلیمی حرج نہیں ہوگا اور تعلیمی ادارے بغیر کسی مزید تاخیر کے اپنا نصاب اور تدریسی عمل جاری رکھ سکیں گے۔
اجلاس میں ملک عبدالصمد نے تمام غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں کیونکہ قانونی تقاضے پورے کر کے ہی رجسٹرڈ ادارے مستقل بنیادوں پر اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں اور کالجوں کے لیے 22 مئی 2026 سے 23 اگست 2026 تک گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا، جس کے مطابق تمام تعلیمی ادارے پیر 24 اگست 2026 کو دوبارہ کھلنے کے پابند ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ کیساتھ تعاون کو مزید مستحکم کرنےکےخواہاں ہے،وزیراعظم کی کانگریس وفدسےگفتگو






