
(24نیوز)پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائوں میں پانی کی صورتحال کے حوالے سے اپ ڈیٹ جاری کردیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے،دریائے سندھ میں کالا باغ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے،کالا باغ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 62 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 53 ہزار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق تونسہ میں پانی کی آمد 3 لاکھ 10 ہزا اور اخراج 2 لاکھ 90 ہزار ہے،دریائے چناب میں مرالہ، تریموں، پنجند اور قادر آباد کے مقامات پر پانی کا بہاؤ نارمل ہے،دریائے راوی میں جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا ،سلیمانکی اور ہیڈ اسلام میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے،ڈیرہ غازی خان رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے،دریائے سندھ میں تربیلا اور چشمہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے،مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب ڈی جی عمر میلہ کے مطابق بالائی کیچمنٹس میں متوقع بارشوں کے باعث مشرقی دریاؤں اور ان سے ملحقہ نالوں کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے،دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں،حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کارجحان،ڈالرسستاہوگیا
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی،شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔دریاؤں ،نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں،بچوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں دریاؤں، ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔






