8

لاہور: باغبانپورہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گر گئی، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق، 6 زخمی

(فاران یامین)لاہور میں باغبانپورہ کے علاقے کوٹلی پیر عبدالرحمان  میں دردناک حادثہ پیش آیا جہاں بوسیدہ تین منزلہ مکان کی چھت زمین بوس ہونے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ 

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، حادثے کے وقت مکان میں 18 سے زائد افراد موجود تھے جو ملبے تلے دب گئے، اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں جبکہ علاقہ مکینوں نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت ابتدائی طور پر چند افراد کو نکالا۔ 

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 7 افراد میں 3 خواتین، 2 بچے اور 2 نوجوان شامل ہیں، اب تک جن افراد کی شناخت ظاہر کی گئی ہے ان میں 60 سالہ شاہدہ، 52 سالہ ثمینہ، 25 سالہ مجاہد اور 7 سالہ حماد شامل ہیں جبکہ زخمی ہونے والے 6 افراد میں ناصر، زاہد، شاہد، صابر، ثانیہ اور سحر شامل ہیں جنہیں سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 

کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے بھی رات گئے جائے وقوعہ اور ہسپتال کا دورہ کیا، ڈی سی لاہور کے مطابق ملبے کے نیچے مزید 6 سے 7 افراد کے ہونے کا خدشہ ہے اور آخری شخص کی تلاش تک ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی

اس دوران لیگی ایم پی اے ملک وحید بھی موقع پر موجود رہے جنہوں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں