
(24 نیوز)جرمن میڈیکل ٹیکنالوجی کمپنی ہیمبرگر میڈیکل نے ایک ایسا اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ تیار کیا ہے جو دل کی دھڑکن کی عام خرابی ایٹریئل فبریلیشن کی نشاندہی کر سکتا ہے، ایک نئی تحقیق کے مطابق اس ڈیوائس کی کارکردگی کلینک میں کیے جانے والے روایتی ای سی جی ٹیسٹ کے قریب بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایٹریئل فبریلیشن دل کی دھڑکن کی ایک عام خرابی ہے، جس میں دل بہت تیز، بہت آہستہ یا بے ترتیب انداز میں دھڑک سکتا ہے، اگر اس بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج نہ کیا جائے تو یہ فالج اور دیگر سنگین طبی مسائل کا خطرہ بڑھا سکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے تیار کیے گئے ’ہارو ای کے جی سیٹ‘ کو عام ٹوائلٹ سیٹ کی طرح ڈیزائن کیا گیا ہے، لیکن اس کے اندر ایسے ای سی جی سینسر نصب ہیں جو اسپتالوں میں استعمال ہونے والے سینسرز سے ملتے جلتے ہیں۔ جب کوئی شخص اس پر تقریباً 30 سیکنڈ تک بیٹھتا ہے تو یہ دل کی برقی سرگرمی ریکارڈ کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:برطانیہ :116 سال بعد کتابیں لائبریری کو واپس
ریکارڈ کیا گیا ڈیٹا ایک سمارٹ فون ایپ پر بھیجا جاتا ہے، جہاں اس کا تجزیہ کیا جاتا ہے تاکہ دل کی دھڑکن میں ممکنہ بے ترتیبی یا دیگر علامات کا پتہ لگایا جا سکے۔
ہیمبرگر ہارٹ سٹڈی میں محققین نے اس اسمارٹ ٹوائلٹ سیٹ کے 6 لیڈ ای سی جی سسٹم کا موازنہ روایتی 12 لیڈ میڈیکل ای سی جی سے کیا، تحقیق کے نتائج کے مطابق دونوں طریقوں کے درمیان کافی حد تک مطابقت دیکھی گئی، جس سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ یہ نئی ٹیکنالوجی دل کی دھڑکن کی خرابی کی نشاندہی میں مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایٹریئل فبریلیشن بروقت تشخیص نہ ہو تو بعض اوقات فالج اس بیماری کی پہلی علامت بن سکتا ہے، اندازوں کے مطابق ہر سات میں سے ایک فالج کا تعلق اسی بیماری سے ہوتا ہے، اور ایسے فالج عموماً زیادہ شدید ہوتے ہیں کیونکہ خون کا لوتھڑا دل سے بن کر دماغ تک پہنچتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ آزمائش میں شامل افراد کو اس ڈیوائس کے استعمال کے لیے کسی خاص تربیت یا ہدایات کی ضرورت پیش نہیں آئی، انہیں صرف تقریباً 30 سیکنڈ تک ٹوائلٹ سیٹ پر بیٹھنا تھا، جبکہ ایپ خود بخود ڈیٹا ریکارڈ کرکے اس کا تجزیہ کرتی رہی۔






