
(ویب ڈیسک )امریکی فوج نے ایران کے پاسداران انقلاب کی جانب سے اردن کے ال ازرق ایئربیس پر 3 ایف-35 جنگی طیارے تباہ کرنے کے دعوؤں کی تردید کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بیان میں کہا کہ ایران کے حالیہ حملوں کی کوششوں میں کوئی امریکی جنگی طیارہ تباہ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی نقصان پہنچا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تمام میزائل اور ڈرونز فضا میں ہی ناکارہ بنادیے گئے یا ہدف تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے تھے۔
سینٹکام نے آبنائے ہرمز سے امریکی ناکابندی کے دوران ایران کی کارروائی کے نتیجے میں کمرشل آئل ٹینکر نورا کو نقصان پہنچنے کی خبر بھی مسترد کردی۔
یہ بھی پڑھیں:بارشوں کا نیا سلسلہ!محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری
امریکی فوج نے کہا کہ ناکابندی کو مکمل طور پر نافذ رکھنے کے لیے امریکا کے 20 سے زائد جنگی جہاز، سیکڑوں طیارے اور ہزاروں فوجی بدستور مستعد ہیں اور ناکابندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ایران کے پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے کی سیٹیلائٹ تصاویر جاری کی تھیں۔
سیٹلائٹ تصاویر میں اردن کے موفق السلطي ایئر بیس پر واقع وہ ہینگرز دکھائے گئے ہیں جہاں امریکی ایف-35 لڑاکا طیارے موجود تھے۔






