
(24 نیوز)قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا گیا جب کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کو ہنگامی شکایت کرتے ہوئے فوری کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا۔
پیپلز پارٹی کے مطابق پولنگ کے روز انتخابی عمل کے دوران قائم مقام صدر آزاد کشمیر اور پارٹی امیدوار چوہدری لطیف اکبر پر جسمانی حملہ کیا گیا، جو نہ صرف انتخابی عمل بلکہ ریاست کے آئینی وقار پر بھی حملہ ہے۔
پیپلز پارٹی کے مطابق یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ نے چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ قائم مقام صدر پر حملہ محض ایک انتخابی بے ضابطگی نہیں بلکہ ریاست کے آئینی منصب اور ریاستی نظم پر حملہ ہے، اس لیے اعلیٰ ترین سطح پر فوری ادارہ جاتی ردعمل ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مہینوں کا انتظار ختم! دبئی جانے والے شہریوں کیلئے بڑی خبر آگئی
پیپلز پارٹی کے مطابق نامزد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
پارٹی نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن حملے کا فوری اور اعلیٰ سطح پر نوٹس لے اور پولیس و ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ کر کے یاسر شاہ، احمد شاہ اور فواد شاہ کے خلاف مقدمہ درج کرائے۔
دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی آزاد جموں و کشمیر ریاست کے صدر چوہدری لطیف اکبر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ہر حد پار کرگئی، ہمارے ووٹرز سے لے کر صدر ریاست تک پر حملے ہورہے ہیں۔
مظفرآباد ڈویژن میں مسلم لیگ ن کی دھونس، دھاندلی اور جبر کا مقابلہ پاکستان پیپلزپارٹی کی وقار اور اصول پسندی کی سیاست سے ہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے سب سے سینئر سیاست دان چوہدری لطیف اکبر پر حملہ کرکے رواداری کی سیاست کو دفن کردیا گیا ہے






