
(انورعباس) نائب وزیرِ اعظم 5 اگست 2026 کو اومان، اردن میں القدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار آج رات اردن روانہ ہوں گے،وہ 5 اگست 2026 کو القدس سے متعلق وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے،وہ یہ دورہ اردن کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ ایمن الصفدی کی دعوت پر کر رہے ہیں ۔
ترجمان کے مطابق اس اجلاس میں عرب لیگ کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے ایک گروپ کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے،اجلاس کا مقصد مقبوضہ القدس میں تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر متفقہ اور مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے۔
دفتر خارجہ کاکہنا ہے کہ اجلاس میں شریک وزرائے خارجہ اپنے دورے کے دوران اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم ابن الحسین سے بھی ملاقات کریں گے،نائب وزیرِ اعظم اجلاس کے موقع پر شریک وزرائے خارجہ کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے،ان ملاقاتوں میں فلسطین سمیت خطے کی تازہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں پاکستان کی شرکت فلسطینی عوام کی اصولی حمایت اور قیام فلسطین کے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے،پاکستان اپنے اس مؤقف پر قائم ہے کہ ایک آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست 1967 سے پیشگی سرحدوں کی بنیاد پر القدس الشریف بطور دارلحکومت قائم ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کتنا سستا ہونے کا امکان ہے؟اہم خبر آگئی






