
(24نیوز) محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج اتوار کی رات کشمیر، خیبرپختونخوا، پنجاب، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ شمال مشرقی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شام یا رات کے دوران شمال مشرقی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ تاہم بعد دوپہر یا شام کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد اور نواحی علاقوں مین کل پیر کے روز بارش کا امکان صرف 30 فیصد ہو گا۔
خیبرپختونخوا صوبے کے بیشتر اضلاع میں پیر کے روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، کرم اور وزیرستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پیر کے روز موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ تاہم راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور اوکاڑہ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کل پیر کو شام یا رات کے دوران بھکر، لیہ، خوشاب، میانوالی، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں بھی چند مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کل پ]یر کے روز سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ دن کے دوران وسطی اور بالائی اضلاع میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ تاہم تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سکھر، جیکب آباد، کراچی اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کی توقع ہے، جبکہ دن کے دوران وسطی اضلاع میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہ سکتا ہے۔ تاہم شام یا رات کے دوران ژوب، موسیٰ خیل، قلات، شیرانی، کوہلو، بارکھان، ڈیرہ بگٹی، خضدار اور آواران میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا انتباہ
آج (رات) سے پیر کی صبح کےدوران موسلادھار بارشوں کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ/مقامی/برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے۔
آندھی/جھکڑ چلنے اور آسمانی بجلی گرنےکے باعث کمزور تعمیرات (سولر پینلز، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
آج بلند ترین درجہ حرارت
آج بارہ جولائی کو تربت میں ٹمپریچر سب سے زیادہ رہا جو 49 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ سندھ کے شہر دادو میں بھی سخت گرمی پڑی اور ٹمپریچر 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ بلوچستان کے شہر سبی میں آج ایک اور گرم ترین دن تھا۔ یہاں ٹمپریچر 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیئے: پانچ خلیجی ملکوں پر ایرانی حملے، دو ثالث بھی نشانہ بن گئے، کشیدگی کا نیا عروج






