
(24نیوز) بلوچستان کے شہر ماشکیل میں دہشتگردوں کی بزدلانہ حملوں میں مرنے والے پانچوں افراد پنجاب سے تعلق رکھنے والے معصوم مزدور تھے جو ماشکیل شہر میں حجام کا کام کر کے اپنا پیٹ پالتے تھے اور مدتوں سے وہاں مقیم تھے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ واشک کے علاقے ماشکیل میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے غریب مزدوروں پر بزدلانہ حملہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے کیا۔
فتنہ الہندوستان کے بزدل دہشت گردوں نے معصوم اور نہتے مزدوروں کو نشانہ بنایا ۔ شہید ہونےو الے مزدوروں میں محمد بلال ، محمد حسن، محمد قدیر، محسن اور بلال شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق پنجاب سے ہے۔ یہ سب لوگ ہر وقت غیر مسلح رہنے والے امن پسند شہری تھے جو عرصہ دراز سے ماشکیل شہر میں محنت مزدوری کر رہے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہاس بزدلانہ دہشتگردی میں ملوث دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سیکیورٹی فورسز نےعلاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ماہرین کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں ہزیمت کا شکارفتنہ الہندوستان کے بزدل دہشت گرد اب معصوم شہریوں اور سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا رہےہیں ۔
فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں مکمل ناکام ہیں لیکن وہ نسلی بنیادوں پر نفرت پھیلانے کے لئے معصوم نہتے مزدوروں کو نشانہ بنا کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کی سازش کر رہےہیں۔
کچھ عرصہ قبل تفریح کی خاطر کراچی سے کوئٹہ آئی ایک فیملی کو بھی اسی فتنے نے نشانہ بنایا تھا۔
اب آپریشن شعبان کے دوران سینکڑوں دہشتگرد پہاڑی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے گھیرے میں اائے ہوئے ہیں۔ اس آپریشن سے خوفزدہ ہو کر فتنہ الہندوستان کے دہشتگرد سرحدی علاقوں میں نہتے شہریوں کو بزدلانہ حملوں کا نشانہ بنا کر اپنے ساتھیوں کے تباہ ہو چکے مورال کو سہارا دینے کی پہلے سے بھی زیادہ بزدلانہ حرکتیں کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پانچ خلیجی ملکوں پر ایرانی حملے، دو ثالث بھی نشانہ بن گئے، کشیدگی کا نیا عروج






