
( اویس کیانی )وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر پاسپورٹ سروسز کے اوقات کار میں توسیع کردی گئی۔
آٹھ علاقائی پاسپورٹ دفاتر میں صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک دو شفٹوں میں کام ہوگا،فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، پشاور، راولپنڈی، حیدرآباد اور کوئٹہ کے پاسپورٹ دفاتر میں توسیع شدہ اوقات کار نافذہوگئے ہیں۔
اوقات کار میں توسیع کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات اور آسان رسائی فراہم کرنا ہے،شہریوں کو سہولت کے مطابق پاسپورٹ خدمات حاصل کرنے کے لیے اضافی وقت میسر ہوگا،توسیع شدہ اوقات کار سے پاسپورٹ دفاتر میں انتظار کے اوقات کم کرنے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی ؛حکومت نے دوبارہ نظرثانی درخواست دائر کردی
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت زونل ہیڈز اور سینئر افسران کا اجلاس ہوا جس میں سروس ڈیلیوری، عوامی سہولیات اور علاقائی پاسپورٹ دفاتر سے متعلق پالیسی امور کا جائزہ لیاگیا۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نےاس موقع پر کہاکہ شہریوں کو مؤثر، آسان اور عوام دوست پاسپورٹ سروسز فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔






