
(24 نیوز)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی پر شہریوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ مذاق قرار دے دیا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ریلیف کے نام پر عوام سے مذاق کر رہی ہے، قیمتوں میں اضافہ روپے میں کیا جاتا ہے جبکہ کمی چند پیسوں تک محدود کردی جاتی ہے۔
شہریوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند پیسوں کی معمولی کمی سے ان کے ماہانہ بجٹ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، پٹرول اب بھی 342 روپے سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث عوام کو مہنگائی اور اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں:آبنائے ہرمز کھلنے کی افواہیں،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ
شہریوں کے مطابق جب بھی پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوتا ہے تو فوری طور پر ٹرانسپورٹ کے کرائے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں، تاہم قیمت میں معمولی کمی کے بعد نہ ٹرانسپورٹ کرائے کم ہوتے ہیں اور نہ ہی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر کوئی نمایاں اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی معمولی کمی سے عوام کو کوئی حقیقی ریلیف نہیں مل سکتا اور نہ ہی مہنگائی میں کمی آئے گی، شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور محض معمولی کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کا تاثر دیا جا رہا ہے، جو ان کے لیے کسی مذاق سے کم نہیں۔






