1

بنگلادیش میں دوسری بیوی کی خودکشی پر رکن اسمبلی پہلی بیوی سمیت گرفتار

(ویب ڈیسک)بنگلادیش میں رکن اسمبلی غازی نذرالاسلام کی 19 سالہ دوسری اہلیہ مریم کی مبینہ خودکشی کے بعد پولیس نے رکن اسمبلی اور ان کی پہلی اہلیہ کو گرفتار کرلیا۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق مریم گزشتہ روز گھر میں پنکھے سے لٹکی ہوئی پائی گئی تھیں جبکہ ان کے بستر سے ہاتھ سے لکھی مبینہ خودکشی کی تحریر بھی ملی ہے۔

یاد رہے کہ غازی نذرالاسلام کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک کمرے میں نوجوان لڑکی کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ 
رکن اسمبلی نے انکشاف کیا تھا کہ یہ لڑکی ان کی دوسری اہلیہ ہیں جس پر ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا تھا کیوں کہ اس شادی کا کسی کو علم نہ تھا۔ 

مریم کے والد معصوم باللہ نے پولیس میں درج مقدمے میں الزام عائد کیا کہ بیٹی کو شادی کے بعد غازی نذرالاسلام اور ان کی پہلی اہلیہ کی جانب سے جسمانی اور ذہنی تشدد کا سامنا تھا۔

رکن اسمبلی کی دوسری اہلیہ کے والد کا مزید کہنا تھا کہ بیٹی فون پر ہم سے شوہر اور سسرال والوں کے مظالم اور اپنی مشکلات کا زکر کرتی رہتی تھی۔

انھوں نے بیٹی کی موت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مقدمے میں غازی نذرالاسلام، ان کی پہلی اہلیہ مقصودہ بیگم اور مریم کے ماموں عبیدالرحمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ خودکشی پر اکسانے سے متعلق دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

پولیس نے غازی نذرالاسلام اور مقصودہ بیگم کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے رکن اسمبلی کو 4 روز جبکہ ان کی پہلی اہلیہ کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ غازی نذرالاسلام جماعت اسلامی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم دوسری شادی اور نازیبا ویڈیو کے معاملے پر انھیں اخلاقی پستی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں