
( انور عباس)ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ امریکہ و ایران کے درمیان دوبارہ کشیدگی پر تشویش ہے،تنازع کسی کے مفا د میں نہیں ،تمام تنازعات کا حل پر امن مذاکرات میں ہے ۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے متعلقہ فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موجودہ علاقائی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے ، پاکستا ن آبنائے ہرمز سے تجارت اور تیل کی با آسانی فراہمی پر یقین رکھتا ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کے قیام کےلئے اپنے مؤقف کا اعادہ کرتا ہے،وزیر اعظم نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ۔
یہ بھی پڑھیں:روہنگیا کے مسلمان پناہ گزینوں کی کشتیوں کو حادثہ، 500 سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ
انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کے باعث عالمی جنوب سمیت کئی ممالک توانائی، تجارت اور غذائی تحفظ کے حوالے سے متاثر ہو رہے ہیں، آبنائے ہرمز میں جلد معمول کی صورتحال کی بحالی، سمندری جہازرانی کی آزادی، سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور پرامن حل کے لیے خطے کے اہم ممالک کے ساتھ مسلسل سفارتی رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ 10 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور قطر پر حالیہ حملوں کے بعد حکومت اور عوام قطر سے اظہار یکجہتی کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر قطر نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت سفارتی رابطوں، مذاکرات اور تمام فریقوں کے وعدوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ امیر قطر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے 10 جولائی کو ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے میں امن و استحکام کی فوری بحالی پر زور دیا، وزیراعظم نے تمام متعلقہ فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی میں مزید اضافے سے گریز کرنے کی اپیل کی۔






