
(ویب ڈیسک)آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف سڈنی میں ہونےوالی ایک تحقیق کے مطابق روزانہ چند منٹ کی تیز جسمانی حرکت بعض اقسام کے کینسر کا خطرے نمایاں حد تک کم کر سکتی ہے۔
تحقیق کے دوران ایسے 22 ہزار سے زائد افراد کا تقریباً سات برس تک جائزہ لیا گیا جو باقاعدہ ورزش کرنے کے عادی نہیں تھے۔
محققین کاکہناہے کہ اگر روزمرہ کے معمولات میں صرف چار سے پانچ منٹ کی نسبتاً تیز جسمانی سرگرمی شامل کر لی جائے تو مجموعی طور پر کینسر کے خطرے میں تقریباً 18 فیصد، جبکہ جسمانی سرگرمی سے متعلق کینسر کی بعض اقسام کے خطرے میں 32 فیصد تک کمی آ سکتی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق ضروری نہیں کہ ہر شخص جم جائے،روزمرہ کے کام جیسے بھاری سامان اٹھا کر خریداری کرنا، تیز رفتاری سے پیدل چلنا یا بچوں کے ساتھ بھرپور جسمانی سرگرمی والے کھیل کھیلنا بھی مؤثر ثابت ہو سکتے ہیں،مختصر وقفوں پر کی جانے والی جسمانی سرگرمی دل اور پھیپھڑوں کی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے،یہی بہتری ممکنہ طور پر کینسر کے خطرے میں کمی کی ایک اہم حیاتیاتی وجہ بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور بورڈ کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان
ماہرین کامزیدکہناہے کہ فعال طرزِ زندگی نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ انسولین کی حساسیت میں اضافہ اور جسم میں دائمی سوزش کو کم کرنے میں بھی مددگار ہوتا ہے، ان دونوں عوامل کو کینسر کے خطرات کم کرنے سے بھی جوڑا جاتا ہے،اگر روزمرہ زندگی میں چند منٹ کی بھرپور جسمانی سرگرمی کو معمول بنا لیا جائے تو یہ صحت پر مثبت اثرات مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ کینسر سے بچاؤ میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔






