
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے کہاہے کہ آئی ایم ایف مخصوص اوقات میں سستی بجلی کی فراہمی کی اجازت نہیں دے رہا ۔
وفاقی وزیرِ توانائی اویس لغاری نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ عالمی مالیاتی فنڈ مخصوص اوقات میں عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کی اجازت نہیں دے رہا، تاہم اس سہولت کی منظوری کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ گزشتہ چند ماہ سے مسلسل مذاکرات جاری ہیں۔
وفاقی وزیرتوانائی نےکہا کہ حکومت پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بڑی اور بنیادی اصلاحات کر رہی ہے، آئی ایم ایف کے سامنے پاکستان کے تمام حقائق رکھ کر انہیں اس بات پر راضی کیا جائے گا تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:آج بھی بادل برسیں گے:محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
اویس لغاری نے توانائی کے مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پہلا جامع توانائی پلان آئندہ سال اپریل میں سامنے لایا جائے گا،جدید تکنیک کے تحت اب لوگ دن کے وقت شمسی توانائی کو اسٹور کریں گے اور اسے رات کے اوقات میں استعمال کر سکیں گے، جس سے نیشنل گرڈ پر دباؤ کم ہوگا اور صارفین کے اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔






