
( مریم مظہر،حاشر وڑائچ، اقصیٰ شیخ )محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے حوالے سے اہم پیشگوئی کردی۔
علی الصبح لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونےوالی بارش کے باعث موسم خوشگوار ہو گیااور ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کی شدت میں کسی حد تک کمی کر دی، محکمہ موسمیات نے آج شہر میں 20 سے 80 فیصد تک بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موسم جزوی ابر آلود رہے گا اور دن بھر وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے،شہرکا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوا چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
شہر قائد کا مطلع بھی جزوی ابر آلودہے جہاں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر زیادہ تر مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم مرطوب رہے گا،، جبکہ شام میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
دوسری طرف شہر اقتدار میں آج بھی بارش ہو گی،محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے اوقات میں اسلام آباد کا موسم گرم مرطوب رہے گا جبکہ صبح اور شام کے وقت بارش ہو گی جبکہ ،کشمیر اور بالائی کے پی کے میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی،گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ بعض مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم نے عمران خان کا ریکارڈ برابر کر دیا
صبح کے اوقات میں شہر اقتدار کا درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈکیاگیاجبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،اسلام آباد میں دن بھر 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد سے زائد ریکارڈکیاگیاہے۔






