5

محسن نقوی کاغیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ وارانہ تربیت کا مستقل حصہ بنانے کا اعلان

(اویس کیانی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین اور ترکیہ سے جدید تربیتی کورسز مکمل کرکے واپس آنے والے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (اے ایس پیز) نے ملاقات کی، جس میں پولیسنگ کے جدید طریقہ کار، ٹیکنالوجی کے استعمال اور پیشہ ورانہ تربیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران اے ایس پیز نے غیر ملکی تربیتی کورسز کو اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک بہترین تجربہ قرار دیتے ہوئے چین اور ترکیہ کے جدید پولیسنگ نظام، سرویلنس سسٹمز، جدید آلات کے استعمال اور امن و امان کے انتظام سے متعلق اپنے مشاہدات سے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے اعلان کیا کہ غیر ملکی تربیتی پروگرامز کو پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت کا مستقل حصہ بنایا جائے گا تاکہ جدید پولیسنگ کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے ملک کے پولیس نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں چین کی طرز پر لا انفورسمنٹ انویسٹی گیشن سنٹر کے قیام کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جہاں ڈیٹنشن، انویسٹی گیشن اور سمری ٹرائل کی سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی، انہوں نے کہا کہ اس سنٹر کے ذریعے معمولی نوعیت کے جرائم کے مقدمات کا فوری اور مؤثر تصفیہ ممکن بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سرویلنس سسٹمز کے ذریعے نگرانی کے دائرہ کار میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ جرائم کی روک تھام اور مؤثر نگرانی کے لیے وزارت داخلہ کے ایوی ایشن ونگ میں جدید ڈرونز بھی شامل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:13سالہ ماں ، 7ماہ کا بیٹا:بنگلا دیشی عدالت نے بڑا حکم جاری کر دیا

محسن نقوی نے بتایا کہ نیشنل پولیس اکیڈمی میں خصوصی نوعیت کے انویسٹی گیشن رومز قائم کیے جائیں گے اور جدید پولیسنگ کی ضروریات کے مطابق اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ٹریننگ پر خصوصی توجہ دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ انٹیروگیشن کو بطور اسپیشلائزڈ سبجیکٹ متعارف کرایا جائے گا جبکہ ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کی بنیاد پر جدید تکنیکس بھی تربیت کا حصہ بنائی جائیں گی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ پولیس کی آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی یونیفارم بھی متعارف کرائی جائے گی۔

ملاقات میں کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں