
(شاہد سپراء)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی صارفین سے اضافی وصولیوں کے لیے نیپرا سے رجوع کرلیا، کمپنی نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 ارب 35 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی درخواست دائر کردی ہے۔
دستاویزات کے مطابق لیسکو نے اپریل سے جون کے دوران بجلی کی پیداوار اور فروخت میں فرق، کیپسٹی چارجز، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے، نیٹ میٹرنگ صارفین کے سسٹم پر اثرات، ٹرانسمیشن چارجز اور دیگر اخراجات کی مد میں اضافی رقم مانگی ہے۔
لیسکو کا مؤقف ہے کہ بجلی کی فروخت میں کمی کے باعث فی یونٹ لاگت میں اضافہ ہوجاتا ہے،دستاویزات کے مطابق گھریلو صارفین نے گزشتہ سال کے مقابلے میں 8 فیصد جبکہ کمرشل صارفین نے 7 فیصد کم بجلی استعمال کی،کمپنی میں مجموعی طور پر بجلی کے استعمال میں تقریباً 4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
لیسکو کے مطابق بجلی کی فروخت کم ہونے سے نظام کے اخراجات پورے کرنے کے لیے فی یونٹ قیمت میں اضافہ ضروری ہوجاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افغانستان دہشتگرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ بن چکا، عالمی برادری مؤثر اقدامات کرے: پاکستان
سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر منظوری دینے یا مسترد کرنے کا حتمی فیصلہ نیپرا کرے گی، منظوری کی صورت میں اضافی رقم بجلی صارفین کے بلوں میں شامل کی جاسکتی ہے۔






