
(24نیوز)صدرِ مملکت آصف علی زرداری اوروزیراعظم شہبازشریف نے نامورسماجی و فلاحی شخصیت عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پرانہیں شاندارالفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیاہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عبدالستار ایدھی کی دسویں برسی پرانہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ عبدالستار ایدھی کی زندگی خدمتِ خلق، ہمدردی اور انسانیت کی روشن مثال تھی،انہوں نے اپنی پوری زندگی غریبوں اور بے سہارا افراد کی خدمت کے لیے وقف کر دی،انکی انسان دوستی مذہب، نسل اور عقیدے کی تمام سرحدوں سے بالاتر تھی۔
صدرِ مملکت نے کہاکہ دنیا کا سب سے بڑا رضاکارانہ ایمبولینس نیٹ ورک ایدھی صاحب کا عظیم کارنامہ ہے،ان کے قائم کردہ ادارے آج بھی لاکھوں افراد کی خدمت کر رہے ہیں،عبدالستار ایدھی قومی فخر اور انسانیت کی لازوال علامت ہیں،ان کی شفقت اور انسان دوستی کا چراغ ہمیشہ روشن رہے گا،اللہ تعالیٰ عبدالستار ایدھی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں:شفقت، محبت اور رحم دلی کے عظیم پیکرعبدالستار ایدھی کوبچھڑے ایک دہائی بیت گئی
وزیراعظم شہبازشریف نے عبدالستار ایدھی کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ان جیسی خدمتِ خلق کی داعی شخصیت باعثِ فخر اور قیمتی قومی اثاثہ ہے،ان کی خدمات کامعاشرے میں احساس، باہمی آہنگی جیسی مثبت اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ہے،ان کی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔